مشرق وسطی

بحرین میں اہم سیاسی رہنما ابراہیم شریف السید جیل سے رہا

رپورٹ کے مطابق آل خلیفہ حکومت نے بحرین کی دوسری بڑی سیاسی تنظیم نیشنل ڈیموکریٹک سوسائٹی ’’وعد‘‘ کے سکریٹری جنرل ابراہیم شریف السید کو جیل سے رہا کردیا- بحرین کی کرمنل کورٹ نے جون دو ہزار گیارہ میں ابراہیم شریف اور گیارہ دیگر انقلابی رہنماؤں کو، شاہی حکومت گرانے کی کوشش کے الزام میں پانچ سے بیس سال جبکہ دس دیگر کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ ادھر بحرینی شہریوں نے جمعے کے روز وسیع پیمانے پر مظاہرے کرکے آمریت مخالف رہنما شیخ علی سلمان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے- بحرین کی ایک نمائشی عدالت نے حال ہی میں شیخ علی سلمان کو چار سال قید کی سزا سنائی ہے۔ شیخ علی سلمان پر شاہی حکومت کا تختہ پلٹنے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا تھا- شیخ علی سلمان نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عوام سے پرامن مظاہرے جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔ اس وقت دس ہزار سے زیادہ سیاسی قیدی آل خلیفہ کے جیلوں میں قید ہیں کہ جن میں ڈیڑھ سو افرادکو عمر قید کی سزا سنائی جاچکی ہے- ایسے وقت میں کہ جب بحرینی حکومت اپنے شہریوں کے حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے، اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے، آل خلیفہ حکومت کی بربریت کے سامنے چپ سادھے ہوئے ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button