یمن

یمن: حالیہ حملوں میں پچاس عام شہری شہید

اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چار دنوں کے دوران یمن پر ہونے والے حملوں میں پچاس عام شہری جاں بحق ہوئے ہیں-
مصر کی الیوم السابع ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے ترجمان رابرٹ کولفائل نے کہا ہے کہ گیارہ سے پندرہ جون کے دوران یمن پر سعودی حکومت کے ہوائی حملوں اور جھڑپوں میں پچاس عام شہری مارے گئے ہیں- انھوں نے کہا کہ مارے جانے والوں میں اٹھارہ بچے اور گیارہ عورتیں شامل ہیں جبکہ ایک سو گیارہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں بیس بچے اور بیس خواتین شامل ہیں- رابرٹ کولفائل کے بقول چھبّیس مارچ سے یمن پر جاری سعودی اتحاد کے حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر چودہ سو بارہ ہوگئی ہے جس میں دو سو دس خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد تین ہزار چار سو تیئیس ہے- کولفائل کے بقول ان حملوں میں ایک سو اکتالیس سرکاری عمارتیں تباہ ہوئی ہیں یا انہیں نقصان پہنچا ہے- واضح رہے کہ یمنی ذرائع نے سعودی جارحیت کے نتیجے میں شہید و زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کولفائل کی اعلان کردہ تعداد سے کہیں زیادہ بتائی ہے –

متعلقہ مضامین

Back to top button