مقالہ جات

سب پر شبہہ کرنا پڑے گا

وسعت اللہ خان کی بات سے بات

یہ تو بہت اچھا ہوگیا کہ اصل مجرم کی تشخیص ہوگئی اور فوجی قیادت، کلیدی انٹیلیجنس ایجنسیاں، شریف حکومت اور پاکستانی دفترِ خارجہ کم از کم اس پر باہم متفق ہوگئے کہ کراچی اور بلوچستان سمیت ملک میں دہشت گردی کی تازہ شدت کی ذمہ دار بھارتی انٹیلی جینس ایجنسی "را” ہے۔ فوری سبب پاکستان چائنا اکنامک کوریڈور ہے، جس سے بہت سوں کے سینے پر سانپ لوٹ رہے ہیں، لہٰذا اب بیرونی ریشہ دوانیوں اور امن و امان کے مسئلے سے ترجیحاً نمٹا جائے گا اور اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر بھی اٹھایا جائے گا۔ ظاہر ہے "را” ہو یا کوئی اور ایسا ہی ادارہ، اسے تخریبی کارروائیاں منظم کرنے کے لئے ایک مقامی نیٹ ورک کی ضرورت پڑتی ہے، تبھی تو اسے "خفیہ ہاتھ” کہتے ہیں، لہٰذا وہ کون سے مقامی افراد اور گروہ ہیں کہ جن پہ شبہہ ہوسکتا ہے۔ پاکستان میں اگر واقعی امن و امان بہتر کرنا ہے تو پھر کچھ کو نہیں سب کو شبہے کی سکریننگ سے گذرنا ہوگا۔ پھر ایسے فقرے کام نہیں آئیں گے کہ نہیں نہیں ایسا نہیں ہوسکتا، سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ فلانا ایسی حرکت کرے، میں قسم کھا سکتا ہوں کہ اس کا یا اس کی تنظیم کا دور دور تک اس معاملے سے کوئی واسطہ نہیں۔ ارے پاگل ہوگئے ہو کیا؟ اس سے بڑھ کے تو کوئی محبِ وطن ہو ہی نہیں سکتا۔

میر جعفر کوئی بنگالی مچھیرا نہیں تھا، نواب سراج الدولہ کا بازو تھا۔ میر صادق کوئی معمولی سپاہی نہیں فتح علی ٹیپو کا کمان دار تھا اور پورنیا کوئی معمولی پٹواری نہیں ٹیپو کا وزیرِ مال تھا۔ حکیم احسن اللہ خان کوئی جزوقتی دربان نہیں بہادر شاہ ظفر کا معالجِ خصوصی اور وزیرِاعظم تھا۔ وہ جو کہتے ہیں کہ مچھلی دم سے نہیں سر سے سڑنی شروع ہوتی ہے۔ یہ غیر معمولی لڑائی عوام کو اندھیرے میں رکھ کے نہیں لڑی جاسکتی، انھیں ثبوتوں کے ساتھ بتانا ہوگا کہ کون کون مقامی ہے جو غیر ملکی کٹھ پتلی ہے۔ کن کن گروہوں کی پشت پناہ "را” ہے؟ کون سے افراد "موساد” کے پے رول پر ہیں؟ کس کو سعودی و قطری و اماراتی وغیرہ وغیرہ نجی و سرکاری، خفیہ یا اعلانیہ حمایت اور شہہ حاصل ہے اور کون سی تنظیموں پر "سی آئی اے” اور دیگر مغربی ایجنسیوں کا ہاتھ ہے۔؟ یا کم از کم ان افراد اور تنظیموں کی فہرست عام کرنی ہوگی جو دہشتگرد یا ان کے حمایتی تو ہیں مگر ان کا جزوقتی یا کل وقتی کنکشن کسی اندرونی و بیرونی ایجنسی سے نہیں۔ یہ کہنے سے کام نہیں چلے گا کہ ایسے معاملات سڑک پر نہیں لائے جاسکتے کیونکہ نازک سفارتی مصلحتیں حائل ہیں، یا تو اپنی بقا کی آخری جنگ لڑ لیں یا پھر سفارتی مصلحتیں نبھاتے پھریں۔

مگر ایسے معاملات میں وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان خاصے باخبر اور دوٹوک ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ تحریکِ طالبان ناراض اور بگڑے ہوئے بھائیوں کا بدظن گروہ ہے۔ اگر صفورہ گوٹھ میں بس کے اندر قتلِ عام کے بعد کوئی پمفلٹ برآمد ہو تو ضروری نہیں کہ اصلی ہی ہو۔ ویسے بھی پاکستان میں داعش کا اب تک کوئی وجود نہیں۔ جب تک اس ملک کی حقیقی مالک عسکری و سیاسی اشرافیہ پوری تصویر اس ملک کے علامتی مالکوں (عوام) کے سامنے نہیں رکھے گی، تب تک کیسے پتہ چلے کہ عام و خاص آدمی کے بھیس میں کون کون ہے اور کیوں ہے۔؟ یہ تاثر کون زائل کرے گا کہ جو اینٹی سٹیٹس کو ہیں وہ غیر ملکی ایجنٹ ہیں اور جو پروسٹیٹس کو ہیں وہ غیر ملکی ایجنٹ نہیں۔ یہ بھی خوب ہے کہ ایم کیو ایم بقول ڈی ایس پی راؤ انوار "را” کی ایجنٹ ہے اور اسی ایم کیو ایم کا نمائندہ وزیرِاعظم کی زیرِصدارت سکیورٹی معاملات کے اجلاس میں بھی مدعو کیا جاتا ہے۔ بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیمیں غیر ملکی ایجنسیوں کی فرنٹ کمپنیاں بھی ہیں اور وزیرِاعلٰی عبدالمالک کو یہ فریضہ بھی سونپا گیا ہے کہ وہ ان فرنٹ کمپنیوں سے رابطہ کریں۔

یہی تو وہ انٹیلیجینس، معاف کیجیے گا انٹیلی جینٹ ادائیں ہیں، جن پر ایک دنیا مر مٹی ہے۔ (ایک موقر پاکستانی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز اسلام آباد کے تجزیہ کار کے مطابق پچھلے دس ماہ میں سکیورٹی ایجنسیوں نے قابلِ اعتماد معلومات کی بنیاد پر ملک بھر میں دس ہزار آپریشن کئے۔ مارچ 2015ء میں پاکستان میں 60 دہشت گرد کارروائیاں ہوئیں، مگر اپریل میں 50 ہوئیں جبکہ بلوچستان میں فروری میں 37، مارچ میں 24 اور اپریل میں 14 دہشت گرد حملے ہوئے۔ گویا مجموعی صورتِ حال قدرے بہتری کی جانب ہے اور اکنامک کوریڈور منصوبے کو ممکنہ خطرہ موومنٹ آف اسلامک ازبکستان، ترکمانستان اسلامک پارٹی، ٹی ٹی پی، دولتِ اسلامیہ اور القاعدہ سے ہے جبکہ سرکاری بیانیہ یہ ہے کہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور کے سمجھوتے پر باضابطہ دستخطوں کے بعد پاکستان میں غیر ملکی مدد سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔ (کسے مانوں کسے نہ مانوں)

متعلقہ مضامین

Back to top button