اہلسنت و الجماعت اور اسلامی تحریک الیکشن میں ہرگز حصہ نہیں لے سکتیں، چیف الیکشن کمشنر

شیعت نیوز ۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سید طاہر علی شاہ نے کہا ہے کہ تنظیم اہلسنت والجماعت، انجمن امامیہ، لشکر جھنگوی، تحریک طالبان، اسلامی تحریک اور سپاہ محمد پر الیکشن لڑنے پر پابندی ہے ان میں سے کوئی جماعت الیکشن میں حصہ لے سکے گی اور نہ ہی ان میں سے کسی جماعت کا جھنڈا استعمال کیا جا سکے گا، تاہم کالعدم تنظیموں کے عہدیداروں کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی ہے جو جماعتیں پابندی کے باوجود الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں یا کسی کالعدم جماعت کا جھنڈا استعمال ہو رہا ہے تو انتظامیہ کو ان تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کوئی جماعت اگر یہ سمجھتی ہے کہ اس پر عائد کی گئی پابندی غیرقانونی ہے تو اس کو اپنی بے گناہی ثابت کرنا ہوگی۔ اسلامی تحریک کے بعض عہدیداروں نے ہم سے رابطہ کیا اور کہا کہ ان کی جماعت پرالیکشن میں حصہ لینے پر پابندی غیرقانونی ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے اسلامی تحریک پر پابندی اٹھا لی ہے۔ میں نے رابطہ کرنے والے عہدیداروں سے کہا کہ اسلامی تحریک پر پابندی غیرقانونی ہے تو اس کو عدلیہ کے ذریعے ثابت کیا جائے اور تحریری طور پر ہمیں آگاہ کیا جائے تاہم ابھی تک ان عہدیداروں نے تحریری طور پر کوئی چیز پیش نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن جماعتوں پر پابندی ہے وہ ہرگز انتخابی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گی، جو کالعدم تنظیمیں اب بھی جھنڈے استعمال کر رہی ہیں انہیں قانون کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں انشااللہ 8 جون کو ملکی تاریخ کے سب سے اچھے اور غیر جانب دار انتخابات کروائے جائیں گے انتخابات تمام جماعتوں کیلئے قابل قبول ہونگے کوئی جماعت انگلی نہیں اٹھا سکے گی۔








