پاکستان

کراچی ضمنی انتخابات: جعفریہ الائنس نے ایم کیو ایم کی حمایت کردی

جعفریہ الائنس نے این اے 246 کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے اور حلقہ انتخاب کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔ یہ اعلان جعفریہ الائنس کے جنرل سیکریٹری و صدر مرکزی تنظیم عزاء کراچی سلمان مجتبیٰ نقوی نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن عارف خان ایڈووکیٹ اور امیدوار این اے 246 کنور نوید جمیل سے اپنی رہائش گاہ پر ہونے والی ایک ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر مولانا حسین مسعودی، سینئر رہنما علامہ باقر زیدی، ایم کیو ایم علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور اراکین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں جعفریہ الائنس کے رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف الطاف حسین کی عملی جدوجہد کے سب ہی معترف ہیں اور ان کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

سلمان مجتبیٰ نقوی نے کہا کہ ہم اچھی جانتے ہیں کہ کون ہمارے ساتھ ہے اور کون ملک دشمن دہشت گردوں کے ہمنوا اور معاون و مددگار بنے ہوئے ہیں لہٰذا جعفریہ الائنس این اے 246 کی نشست پر نامزد امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتی ہے اور امیدوار کنور نوید جمیل کو ضمنی الیکشن میں کامیابی پر پیشگی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ عارف خان ایڈووکیٹ اور کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ نے الطاف حسین کے نامزد امیدوار برائے این اے 246 کی بھرپور حمایت کے اعلان پر جعفریہ الائنس کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ جعفریہ الائنس کراچی میں مختلف شیعہ جماعتوں کا ایک الائنس ہے جس میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن، مجلس ذاکرین امامیہ، مرکزی تنظیم عزا اور دیگر ادارے شامل ہیں، اس ادارے میں تمام فیصلے تمام تنظیموں کی مشاورت سے ہی کئے جاتے ہیں۔ تاہم مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ علماء کونسل اس الائنس کا حصہ نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button