دنیا

داعش میں شمولیت کا شبہ، ملیشیا میں پچھتر غیر ملکی گرفتار

ملیشیا کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ داعش کا رکن ہونے کے شبہ میں پچھتر غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے-

ملیشیا کے وزیر داخلہ احمد زاہد حمیدی نے کہا کہ گرفتار شدہ پچھتر افراد ملیشیا کے راستے دہشتگرد گروہ داعش میں شامل ہونے شام و عراق جا رہے تھے- احمد زاہد حمیدی نے کہا کہ یہ افراد ملیشیا میں داعش کے لئے مزید انتہا پسندوں کو بھرتی کرنے کی کوشش کر رہے تھے- ملیشیا میں گذشتہ مہینوں کے دوران تکفیری دہشتگرد گروہوں میں شامل ہونے والے غیر ملکیوں کی بڑی تعداد کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ لوگ ملیشیا کے راستے شام اور عراق جا رہے تھے- ان واقعات کے بعد ملیشیا کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کی منتقلی یا ٹریننگ کی اجازت نہیں دے گی اور نہ ہی اسے برداشت کرے گی- ملیشیا کی پارلیمنٹ نے بھی انسداد دہشتگردی کے تین قوانین منظور کئے ہیں- حکومت ملیشیا کا کہنا ہے کہ اس کے اکسٹھ باشندے شام میں تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں جبکہ انٹلیجنس رپورٹوں کے مطابق اسی ملیشیائی شہری شام میں داعش میں شامل ہونے کے لئے روانہ ہو گئے ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button