پاکستان

لشکر جھنگوی کا رینجرز، سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی ملیر پر حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف

کالعدم لشکر جھنگوی کی جانب سے رینجرز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسران اور ایس ایس پی ملیر پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک حساس ادارے کی جانب سے جاری کیے گئے تھریٹ لیٹر میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم لشکر جھنگوی کے دو گروپس کراچی پہنچ چکے ہیں اور اگلے 48 گھنٹوں میں مذکورہ تینوں اہداف میں سے کسی بھی ہدف پر حملے کرنے کی کوشش کریں گے۔ حساس ادارے نے اپنے خط میں رینجرز، سی ٹی ڈی حکام اور ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو خبردار کیا ہے کہ وہ سیکورٹی کے انتظامات سخت کریں اور دہشت گردوں پر کڑی نظر رکھیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ اور خصوصاً کراچی میں لشکر جھنگوی، تحریک طالبان اور جنداللہ پر مشتمل ٹرائیکا پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت بم دھماکوں اور دہشت گردی کی دیگر کارروائیوں میں ملوث رہا ہے اور پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں میں اپنے ساتھیوں کی ہلاکت اور گرفتاریوں کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز اور سی ٹی ڈی کے افسران اور اہلکاروں پر حملے کر کے اپنے ساتھیوں کا بدلہ لینا چاہتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ شکارپور میں امام بارگاہ پر ہونے والے حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کے بعد دہشت گرد خصوصاً لشکر جھنگوی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کا مورال گرانے کیلئے اس طرح کے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button