بچوں اور نمازیوں کو نشانہ بنانا بزدلی ہے، شکارپور واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، کورکمانڈر کراچی

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختارنے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج‘ حکومت‘ پولیس اور عوام متحد ہیں اور دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہروقت تیار ہیں ‘انسداد دہشت گردی کی تربیت اسی وقت سودمند ثابت ہوسکتی ہے جب پولیس کو کسی قسم کے دباؤ سے آزاد ہوکر کام کرنے دیا جائے، بچوں اور نمازیوں کو نشانہ بنانا بزدلی ہے، سانحہ شکار پور کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہیں ، دھماکے میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے ، سندھ میں اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں پر کسی حد تک قابو پا لیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو کوٹری رینج جامشورو میں آرمی ٹریننگ گراؤنڈ میں حیدرآباد پولیس کے 60؍ جوانوں کی اینٹی ٹیرر ازم فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں آئی جی سندھ‘ جی او سی 18ڈویژن میجر جنرل عبدالعزیز‘ ڈی آئی جی حیدرآباد ثناءاللہ عباسی‘ ایس ایس پی حیدرآباد عرفان علی بلوچ کے علاوہ آرمی اور پولیس کے افسران اورجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاک آرمی کی انسداد دہشت گردی ٹریننگ مکمل کرنے والے خصوصی اسکواڈ نے اپنی تربیت کاعملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق حیدرآباد پولیس کے 60جوانوں کو پاک آرمی کے ماہر انسٹرکٹرز نے 4ہفتوں پر مشتمل ایک خصوصی کورس کرایا تھا جس میں ان جوانوں کو حالت امن وجنگ میں دہشت گردوں‘ تخریب کاروں اورسماج دشمن عناصر سے بھرپور مقابلے کی تربیت دی گئی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف پاک فوج‘ حکومت ‘پولیس اورعوام متحد ہیں اوردہشت گردی پر قابو پانے کےلئے فوجی ایکشن پلان وضع کیاہے جس کے باعث دہشت گرد ایک طرف ہیں اورپوری قوم دوسری جانب متحدہے ۔








