گرفتار داعش کمانڈر یوسف سلفی کے انکشافات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، ثروت اعجاز قادری
پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ لاہور سے گرفتار کئے گئے پاکستان میں داعش کے کمانڈر یوسف السلفی کے انکشافات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، کراچی میں امن قائم کرنا ہے تو سیاسی چھتری حاصل کرنے والے دہشتگردوں کو بلاامتیاز قانون کی گرفت میں لانا ہوگا، قوم نے دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کا تہیہ کر لیا ہے, لیکن بعض لوگ اپنے مذموم مقاصد کیلئے قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں، قومی ایکشن پلان کسی مخصوص مکتبہ فکر کیخلاف نہیں بلکہ دہشتگردی کے خلاف ہے، دہشتگردوں کو کسی مذہب، مسلک یا فرقہ کی آڑ میں چھپنے کا کوئی موقع نہیں دینا چاہئے، جو کوئی بھی دہشتگردی میں ملوث ہے، ان کیخلاف ضرور کارروائی ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ قادری ہاﺅس پر علماء و مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے لاہور سے گرفتار کئے گئے پاکستان میں داعش کے کمانڈر یوسف السلفی کے انکشافات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نواز حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مطالبہ کیا کہ گرفتار داعش کمانڈر یوسف السلفی کے انکشافات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگردی کی لعنت نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، قوم کو گمراہ کرنے کی بجائے یکجا کرنے کیلئے کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی ناکامی کا سوچنے والوں کے خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوں گے، پاکستان کی 19 کروڑ عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقاء اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ہمیں دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ ہر قیمت پر جیتنی ہے اور پاک سرزمین کو امن اور انسانیت کے دشمنوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنا ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ سانحہ پشاور کے ننھے شہیدوں نے پوری قوم کو دہشتگردی کیخلاف متحد کر دیا ہے، جب تک طالبان کے حامیوں، ہمدردوں اور سرپرستوں کیفرکردار تک نہیں پہنچایا جائیگا، سانحہ پشاور کے ننھے شہیدوں کی روحوں کو سکون نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردوں کو کچلنے کیلئے متحد اور پرعزم ہے، کسی کو یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ اس اتفاق رائے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرے۔