عراق

دیالہ اور الانبار: فوج اور عوامی رضاکاروں کی کامیابی

عراق کے صوبے دیالہ سے داعش کا سرغنہ فرار ہوگیا۔ عراق کی تنظیم البدر کے سربراہ کے پریس مشیر کریم نوری نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبے دیالہ میں حوض حمرین علاقے کو آزاد کرانے کیلئے عراقی سیکیورٹی فورس اور عوامی رضاکاروں کی آمادگی کے بعد داعش دہشتگرد گروہ کا سرغنہ ابوخطاب، صوبے دیالہ سے فرار کرگيا- کریم نوری نے کہا ہے کہ البدر تنظیم کے جوان، عراقی فوج کے ساتھ صوبے دیالہ سے داعش دہشتگرد گروہ کا صفایا کرنے میں تعاون کررہے ہیں-ادھر صوبے الانبار کے شہر حدیثہ کے پولیس سربراہ نے کہا ہے کہ عراقی سیکیورٹی اہکاروں کے ساتھ ہونے والی ایک جھڑپ میں داعش دہشتگرد گروہ کا سرغنہ ابو انس السامرائی، ہلاک ہوگیا- دریں اثنا عراقی کردستان کی سیکیورٹی کونسل کے مشیر مسرور بارزانی نے کہا ہے کہ شمالی عراق کے صوبے نینوا کے صدر مقام موصل کے ڈیم کے قریب، داعش دہشتگرد گروہ اور پیشمرگہ ملیشیا کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں اس دہشتگرد گروہ کے سینکڑوں افراد ہلاک ہوگئے۔ عراق کی النہرین نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی کردستان کی سیکیورٹی کونسل کے مشیر مسرور بارزانی نے شمالی عراق کے صوبے دہوک کے مغربی علاقے میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ موصل ڈیم کے قریب واقع وسیع و عریض علاقے کو آزاد کرانے کیلئے پیشمرگہ ملیشیا کی کاروائی میں داعش دہشتگرد گروہ کے دو سو دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں- بارزانی نے کہا ہے کہ پیشمرگہ ملیشیا نے ٹینک شکن میزائلوں سے استفادہ کرتے ہوئے موصل ڈیم کے مغرب اور مشرقی علاقوں میں واقع چالیس کلو میٹر لمبا اور پندرہ کلو میٹر چوڑا ایک وسیع و عریض علاقے کو آزاد کرالیا ہے۔ عراقی کردستان کی سیکیورٹی کونسل کے مشیر مسرور بارزانی نے مزید کہا کہ اس کاروائی میں داعش دہشتگرد گروہ سے وابستہ گیارہ ایسی گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا گیا جو دھماکہ خیز مواد کی حامل تھیں- انھوں نے اس کاروائی میں پیشمرگہ ملیشیا کے بعض افراد کے جاں بحق و زخمی ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پیشمرگہ ملیشیا کی جانب سے دیگر علاقوں کو بھی آزاد کرانے کی کاروائی جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ موصل میں پیشمرگہ ملیشیا نے داعش دہشتگرد گروہ کا محاصرہ کرلیا ہے اور ان تمام راستوں کو بھی بند کردیا ہے کہ جہاں سے اس دہشتگرد گروہ کو مدد پہنچ رہی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button