عید میلاد النبی کے موقع پر 13000 شمعیں روشن کرکے جے ڈی سی نے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا
پاکستان کے شہر کراچی میں فلاحی ادارے جعفریہ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ سیل نے دنیا میں سب سے زیادہ شمعیں روشن کرنے کا عالی ریکارڈ بنا لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ نمائش چورنگی پر جشن ولادت رسول اکرم (ص) کے مبارک موقع پر جے ڈی سی کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں شیعہ سنی افراد نے مل کر 13000 دیئے جلا کر عالمی ریکارڈ بنا لیا۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی، جماعت اسلامی سندھ کے سابق امیر اسد اللہ بھٹو، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما سید علی اوسط، جعفریہ الائنس کے رہنما شبر رضا، اہل سنت عالم دین مولانا فیروز الدین رحمانی، جے ڈی سی کے جنرل سیکریٹری ظفر عباس جعفری، معروف نوحہ خواں ندیم رضا سرور اور علی صفدر رضوی و دیگر نے خطاب کیا اور نعت رسول مقبول (ص) کا نذرانہ پیش کیا۔ پروگرام میں شیعہ و سنی علمائے کرام اور نعت خواں حضرات سمیت عوام کی بھی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کی سیکورٹی کے فرائض جے ڈی سی اسکاوٹس نے سرانجام دیئے۔
کراچی کی سرزمین پر اس تاریخی اور شاندار پروگرام میں جہاں عاشقان محمد و آل محمد (ص) نے عشق رسول (ص) کا بے مثال مظاہرہ کیا وہیں اس پروگرام میں شیعہ و سنی عوام نے مشترکہ طور پر شرکت کرکے یہ بات ثابت کردی ہے کہ پاکستان کے عوام فرقہ واریت کے خلاف متحد ہیں اور امریکی و سعودی اشاروں پر وطن عزیز میں پلنے والے دہشت گردوں کی ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے میدان میں حاضر ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ اعزاز بھارت کے پاس تھا جہاں 12133 شمعیں روشن کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا ،تاہم اب یہ اعزاز ولادت رسول اکرم (ص) کے موقع پر پاکستان کے نام ہوگیا ہے۔1