معرفتِ امامؑ کے بغیر موت، جاہلیت کی موت ہے، علامہ سید علی اکبر کاظمی

21 ستمبر, 2025 13:25

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صوبائی آرگنائزر حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے اپنے وفد کے ہمراہ ضلع سرگودھا کے گاؤں چاندنا میں منعقدہ مجلسِ ترحیم کے اجتماع سے خطاب کیا۔

علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے زمانے کے امام (ع) کی معرفت حاصل کرے۔ اگر کوئی شخص امام زمانہؑ کی معرفت کے بغیر اس دنیا سے رخصت ہوجائے تو گویا وہ جاہلیت کی موت مرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا دو گروہوں میں تقسیم ہوچکی ہے؛ ایک وہ جو ظہورِ امامؑ کے لیے زمینہ سازی کر رہے ہیں اور اپنے اخلاقی کردار کو سنوار رہے ہیں، جبکہ دوسرے وہ ہیں جو امامؑ کے ظہور کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امامؑ کے ناصرین وہی ہیں جو اپنے زمانے کے ولی فقیہ کے پیروکار ہوں، تاکہ ظہور کے وقت یہ گواہی دے سکیں کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ولی فقیہ کے حکم کی نافرمانی نہیں کی۔ ہمارے مجتہدین نے ہمارے برادران کے مقدسات کی توہین سے منع فرمایا ہے، لہٰذا کوئی بھی ایسا عمل حرام ہے۔ دشمن کی کوشش ہے کہ ہمیں شیعہ سنی اختلافات میں الجھا کر کمزور کرے، اس لیے ہمیں بیدار رہنا ہوگا اور دشمن کی چالوں کو ناکام بنانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : انقلاب یا آزادانہ انتخابات سے خوفزدہ عرب حکمران امریکی اور اسرائیلی غلامی پر راضی ہیں، علامہ مقصودڈومکی

علامہ سید علی اکبر کاظمی نے عہد کرنے کی دعوت دی کہ ہم سب امامؑ کے ناصرین بنیں گے اور آنے والی نسلوں کو بھی امامؑ کے دشمنوں سے بیزاری کا درس دیں گے۔ ان کے پرجوش خطاب کے دوران شرکاء مسلسل نعرے لگاتے رہے اور آخر میں ذکرِ مصائب کے دوران ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔

اس موقع پر صوبائی ڈپٹی آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین صوبہ شمالی پنجاب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید ملازم حسین نقوی، رکن صوبائی آرگنائزنگ ورکنگ کمیٹی استاد ذوالفقار اسدی اور صوبائی آفس سیکرٹری مولانا ظہیر کربلائی بھی صوبائی آرگنائزر کے ہمراہ موجود تھے۔

3:47 صبح اپریل 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔