انقلاب یا آزادانہ انتخابات سے خوفزدہ عرب حکمران امریکی اور اسرائیلی غلامی پر راضی ہیں، علامہ مقصودڈومکی

21 ستمبر, 2025 13:23

شیعیت نیوز : مجلسِ وحدتِ مسلمینِ پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصحابِ ائمہؑ نے ائمہِ اہلِ بیتؑ کی پاکیزہ تعلیمات اور حقیقی اسلام کی ترویج کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے حضرت امامِ محمد باقرؑ اور حضرت امامِ جعفرِ صادقؑ کی علمی خدمات کو دنیا تک پہنچانے میں حضرت محمد بن مسلم ثقفی، حضرت زرارة بن عین، حضرت ابو بصیر اور حضرت برید بن معاویہؒ العجلی جیسی شخصیات کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو سنہری حروف میں لکھنے کے قابل قرار دیا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا: “حضرت محمد بن مسلم ثقفی نے امامِ محمد باقرؑ سے تیس ہزار اور امامِ جعفرِ صادقؑ سے سولہ ہزار روایات نقل کیں — یہ وہ خزانے ہیں جن کے ذریعے اہلِ بیتؑ کے علم کی روشنی آج بھی عالمِ انسانیت تک پہنچ رہی ہے۔”

انہوں نے اصحابِ ائمہؑ میں حضرت ابو حمزہ ثمالی اور حضرت سعید بن جبیرؓ کے بلند مقام کا ذکر کیا اور حضرت امامِ زین العابدینؑ کے اس جملے کی طرف اشارہ کیا کہ ابو حمزہ ثمالی اپنے زمانے کے سلمانِ فارسی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اپزیشن لیڈر محمد کاظم میثم کی سوست تنازعہ پر پہاڑی احتجاج کی دھمکی

علامہ مقصود علی ڈومکی نے دنیا کے موجودہ سیاسی منظرنامے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرب حکمران اپنی ہی عوام اور قوموں سے خوفزدہ ہیں کیونکہ ان بادشاہوں نے ملکی وسائل کو ذاتی بنایا اور یورپ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ عوامی حقوق اور آزادیوں کو پامال کر رہے ہیں، اور عوامی بیداری، انقلاب یا آزادانہ انتخابات سے خوفزدہ عرب حکمران امریکی اور اسرائیلی غلامی پر راضی ہیں۔ اور یہ عرب بادشاہ اسرائیل اور امریکا کے خلاف عملی قدم اٹھانے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو آپس میں تعاون اور یکجہتی کو فروغ دینا چاہیے تاکہ مشترکہ مسائل کا حل ممکن ہو۔

اسلامی دفاعی و سیاسی اتحاد (اسلامی نیٹو) کی تشکیل پر غور ضروری ہے، مگر ایسی تنظیم تبھی بامقصد ہوگی جب وہ کسی بیرونی قوت خصوصاً امریکا کے غلامانہ مفادات کی نگہبانی کی بجائے امتِ مسلمہ کے مفادات کی محافظ ہو۔

انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے عرب ممالک خصوصاً متحدہ عرب امارات کو بھارت کی بجائے مسلمان ممالک خصوصاً پاکستان سے اپنے تعلقات کو بڑھانا چاہئیے، کیونکہ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ امتِ مسلمہ کے لئے خطرہ ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے اقوامِ عالم، حکومتِ پاکستان اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کے قتلِ عام کو روکے، غزہ کی ناکہ بندی اور قحط کو ختم کریں اور دنیا کے چالیس ممالک کے امدادی کاروانوں کی غزہ کے لیے امداد پہنچانے کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کریں۔ نیز گلوبل صمود فلوٹیلا کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

2:07 صبح اپریل 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔