پاکستان

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے چالی ابیڈو میگزین کا پیغمبر اسلام (ص) کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر مذمت

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے فرانس کے ایک جریدے چارلی ایبڈو کی جانب سے سرور کائنات حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے مسلم دنیا کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور ان توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کو گستاخانہ اور جہالت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کا مقصد کسی مذہب کی توہین ہرگز نہیں ہے، ہم ان توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی شدید اور پرُزور مذمت کرتے ہیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ فرانسیسی جریدے چارلی ایبڈو کی جانب سے حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی ایک دل آزار اقدام ہے، جس سے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ یہ امر افسوس ناک ہے کہ بعض ممالک کے حکمرانوں کی جانب سے اس واقعے کی مذمت کی بجائے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے ذمہ داروں کی حمایت نامناسب اور درست اقدام نہیں ہے، نیز بین الاقوامی قوانین بھی اس کی اجازت نہیں دیتے۔ اس عمل سے دنیا میں قیام امن کو نقصان ہوگا، لہذٰا ایسے اقدامات سے اجتناب لازم ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے آخر میں کہا کہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر او آئی سی کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے تمام اسلامی ممالک کو متحد کرکے اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے مستقل بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button