تکفیری اسلام کے سب سے بڑے دشمن ہيں، حزب اللہ لبنان
حزب اللہ لبنان نے تکفیریوں کو اسلام کا سب سے خطرناک دشمن قرار دیا ہے۔
المنار ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹیو کونسل کے ڈپٹی سربراہ شیخ نبیل قاووق نے کہا ہے کہ تکفیری دہشتگرد، شیعوں اور سنیوں کے دشمن ہيں اور انھوں نے شیعوں کے خلاف جرائم سے پہلے اہلسنت کے آثار کو ڈھایا ہے اور ان کے حق میں جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
شیخ قاووق نے تکفیریوں کو دین اسلام کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا اور کہا کہ تکفیری دہشتگردی صرف سرحدوں تک محدود نہيں رہے گی اور پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے گی اس بنا پر اس کا پھیلاؤ صرف صیہونی حکومت کے فائدے ميں ہے۔
حزب اللہ کے رہنما نے کہا کہ حزب اللہ نے کئي سال پہلے اعلان کردیا تھا کہ علاقے میں ہونے والی یہ جھڑپیں شیعوں اور سنیوں کےدرمیان نہيں بلکہ تکفیری دہشتگردی کے خلاف جنگ ہے جو علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لےگی اور تمام قوموں کے لئے خطرہ ہے اور آج علاقہ اور پوری دنیا کو اس کا اعتراف ہے۔
شیخ قاووق نے دہشتـگردوں کے مقابلے میں مکمل استقامت کی ضرورت پرتاکید کرتے ہوئے کہا کہ داعش ، النصرہ محاذ ایک ہی سکے کا دو رخ ہیں اور ایک ہی طرح کے جرائم کا ارتکاب کررہے ہيں اور فوجیوں کو اغواکرنے اور لبنانیوں کونقصان پہنچانے کے بارے میں اتفاق نظر رکھتے ہیں۔