بحرینی عدالت کے شیخ علی سلمان پر مزید الزامات
بحرین کی عدلیہ نے جمعیت اسلامی الوفاق کے سیکرٹری جنرل شیخ علی سلمان پر نئے الزامات لگا دیۓ ہیں۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شیخ علی سلمان کے وکیل کا کہنا ہے کہ اتوار کے دن ان کے موکل سے تفتیش کے بعد بحرین کی عدلیہ نے ان پر نئے الزامات عائد کردیۓ ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ عدالت نے شیخ علی سلمان کی گرفتاری کی مدت میں مزید توسیع کردی ہے۔ بحرین کے اٹارنی جنرل نائف محمود شیخ علی سلمان پر طاقت کے استعمال کے ذریعے حکومت کی تبدیلی کی ترغیب دلانے اور وزارت داخلہ کی علانیہ توہین اور غیر قانونی طریقے استعمال کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کۓ گۓ ہیں۔ شیخ علی سلمان کے وکیل نے تاکید کی ہے کہ انھوں نے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ واضح رہےکہ بحرین کی پولیس نے گزشتہ ہفتے اتوار کے دن شیخ علی سلمان سے دس گھنٹے کی تفتیش کے بعد گرفتار کر لیا تھا۔ بحرین میں چودہ فروری سنہ دو ہزار گيارہ کو عوامی تحریک شروع ہونے کے بعد تقریبا ہر روز حکومت مخالف مظاہرے ہوتے ہیں ۔ اس ملک کے عوام آل خلیفہ کی حکومت کی برطرفی کے خواہاں ہیں۔