پاکستان

سازش کے تحت نصاب سے قائداعظم کے خطبات نکالے جا رہے ہیں،مرکزی صدر آئی ایس او

شیعت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر تہور حیدری نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج وطن عزیز مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے جس کی وجہ قائداعظم کے سنہری اصولوں کو فراموش کر دیا گیا ہے، ملک میں قوم زبان اور مذہب کی بنیاد پر قتل و غارت جاری ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں ایک سازش کے تحت قائداعظم کی تعلیمات سے دور کرنے کیلئے نصاب سے قائداعظم کے خطبات نکالے جا رہے ہیں جو کہ قابل افسوس ہے، قائداعظم نے اپنے خطبات میں اس کا ہمیشہ عزم کیا کہ ہمارا پاکستان کا مطالبہ محض زمین کا ٹکرا حاصل کرنے کیلئے نہیں بلکہ ایسی ریاست حاصل کرنا چاہتے ہیں جہاں پر اسلام کے سنہری اصولوں کو آزما سکیں مگر آج ہم دیکھتے ہیں کہ اسلام کو ملک پاکستان میں بدنام کیا جا رہا ہے، پشاور میں اسلام دشمن عناصر نے معصوم طلباء کو اپنی درندگی کا نشانہ بنا دیا۔

مرکزی صدر نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے خطبات پر غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے، جیسا کہ انہوں نے کہا کہ میرے عزیز طلباء تمہاری طرف اس توقع سے دیکھتا ہوں تمہیں مستقبل میں اپنے وطن کا ایک ذمہ دار شہری بننا ہے تم اپنی تعلیم پوری محنت، لگن اور نظم و ضبط کے ساتھ جای رکھو، تمہارا اصل کام والدین اور ملک سے وفاداری ہے اور اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنا ہے، آئی ایس او آج بھی قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر کاربند ہے قائد اعظم کے اصول ایمان اتحاد تنظیم کے فروغ کے لئے آئی ایس او کے کارکنان مصروف عمل ہیں اور قائد اعظم کے یوم پیدائش پر اس عزم کو دہرانے کی ضرورت ہے کہ بحیثیت طالبعلم قائداعظم کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق ملک کی ترقی میں اپنا کرادر ادا کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button