حماس دہشت گردوں کی فہرست سے خارج

امریکی حکومت نے، تحریک حماس کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست سے خارج کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فرانس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جن ساکی نے کل کہا کہ یورپی یونین کو فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے خلاف عائد پابندیوں کو منسوخ نہیں کرنا چاہئے تھا۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ حماس کے سلسلے میں واشنگٹن کے موقف ميں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور واشنگٹن ، حماس کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست سے نکالے جانے کے یورپی یونین کے فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے۔ واضح رہے کہ یورپی یونین کی ایک عدالت نے کل بدھ کو یہ فیصلہ سنایا ہے کہ فلسطینی گروپ حماس کا نام یورپی یونین کی دہشت گرد گروپوں کی فہرست سے نکال دیا جائے۔ یورپی یونین کی جنرل کورٹ نے بدھ کے روز سنائے گئے فیصلے میں کہا ہے کہ یورپی یونین نے نامناسب طور پر حماس کا نام دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا۔ جنرل کورٹ کے مطابق میڈیا اور انٹرنیٹ سے ملنے والی معلومات کی وجہ سے حماس کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ یورپی یونین کی جانب سے 2001ء میں حماس سمیت 12 دیگر گروپوں اور 29 افراد کے نام بھی دہشت گرد گروپوں کی فہرست میں شامل کیے گئے تھے۔








