پاکستان

طالبان دہشتگردوں کو شہید اور فوجیوں کو ہلاک کہنے والی جماعتوں کا بائیکاٹ کیا جائے، الطاف حسین

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ یہ وقت حکومت جاؤ، جاؤ کے نعرے لگانے کا نہیں بلکہ مل کر دہشتگردی کے خلاف ایک ہونے کا ہے، ملک میں عوام کی جان و مال کو کوئی تحفظ نہیں ہے، اس وقت ملک کو قومی اتحاد کی ضرورت ہے ،وزیراعظم نواز شریف تمام جماعتوں کو بلائیں اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنایاجائے، جو جماعتیں دہشت گردوں کو شہید اور وطن کی سلامتی کیلئے جنگ میں شہید ہونے والے مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کو ہلاک کہیں، ان کا بائیکاٹ کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ یہ قوم پر آزمائش کا وقت ہے اس موقع پر ہمیں ایک دوسرے کی مخالفت کرنا یا حکومت کے مستعفی ہونے کا کہنا مناسب نہیں، اگر ہم اپنے مطالبات کیلئے 100 دن دھرنے دے سکتے ہیں، تو ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے بھی دس دن دھرنا دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے کراچی میں طالبانائزیشن سے آگاہ کر رہا ہوں، لیکن میری بات پر دھیان دینے کے بجائے میرا مزاق اڑایا گیا، اور آج صورتحال یہ ہے کہ دہشت گردوں کی کارروائیوں سے ملک کا کوئی بھی شہر محفوظ نہیں۔ الطاف حسین نے مزید کہا کہ پاکستان طالبان دہشتگردوں کے خلاف لڑ رہا ہے، اقوام متحدہ، امریکا، برطانیہ، یورپی یونین پاکستان کی مدد کریں، ورنہ یہ آگ آپ کے گھر تک بھی پہنچ جائے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button