عراق: نینوا میں داعش نے مسجدیں بند کروا دیں
عراق میں داعش دہشتگرد گروہ نے شمالی صوبے نینوا کے شہر موصل میں پندرہ مساجد کو بند کرکے وہاں لوگوں کو نماز ادا کرنے سے روک دیا۔ باخبر ذرائع کے حوالے سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ نے اپنے اس اقدام کی وجہ، ان مساجد کے احاطے میں قبروں کا ہونا بتایا ہے۔ اس گروہ نے اعلان کیا ہے کہ ان مساجد کو جلد ہی مسمار کردیا جائےگا۔عراق کے باخبر ذرائع نے ان مساجد کی مسماری کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ موصل میں واقع یہ مساجد، تاریخی حیثیت کی حامل ہیں جہاں ہمیشہ مسلمانوں کی جانب سے عبادات اور نمازیں ادا کی جاتی رہی ہیں۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ نے موصل کی بلدیہ اور اسی طرح گورنرہاؤس کو خالی کرکے ان عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کردیا ہے۔ واضح رہے کہ موصل پر عراقی فوج کے عنقریب شروع کئے جانے والے حملے کے پیش نظر اس گروہ نے مختلف طریقوں سے اس شہر میں اپنے ٹھکانے مضبوط کرنا شروع کردیئے ہیں۔