شام کے عوام کی استقامت، کامیابی پر منتج ہوگی
ایران کی پارلیمنٹ ، مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مقابلے ميں شام کی استقامت و پائیداری اس ملک کے عوام کی کامیابی پر منتج ہوگی۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلمینٹ، مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے تہران میں شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم کے ساتھ ملاقات میں اس بات کا ذکرکرتےہوئے کہ شام نے غیر ملکی سازشوں کے مقابلے میں قابل تعریف استقامت کا مظاہرہ کیاہے کہا کہ اس عمل کے جاری رہنے سے، دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے مقابلے میں شامی عوام کو کامیابی حاصل ہوگی۔ ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ شام، اسلامی جمہوریۂ ایران کا دوست ملک اور مشرق وسطی کا اہم ملک ہے اور ان سازشوں کے مقابلے میں کہ جو علاقے میں امن و استحکام کو درھم برھم کرنے کے لئے انجام پارہی ہیں، اس ملک کی حمایت، ایک ضروری اور منطقی امر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام کا حل صرف سیاسی اور سفارتی طریقے سے ہی ممکن ہے۔ اس ملاقات میں شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے بھی کہا کہ اسلامی جمہوریۂ ایران نے شام کے سخت و دشوار حالات میں اپنی برادرانہ حمایتوں سے دریغ نہیں کیا اور اپنے صحیح اور اصولی موقف کے ساتھ دہشت گردوں سے مقابلے کے لئے اس ملک کے عوام کی مدد وحمایت کی۔ انہوں نے شام پر صہیونی حکومت کے حالیہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی دہشت گردوں نے صہیونی حکومت اور بعض علاقائی اور غیر علاقائی فریقوں کی حمایت سے شام کے تشخص کو نشانہ بنایا ہے ۔