ایران

لاکھوں ایرانی رضاکار شام اور فلسطین کے علاقے غزہ جانے کے لیے تیار ہیں، بسیج فورس

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے زیر انتظام بسیج فورس کے سربراہ محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے لاکھوں افراد شام میں بشارالاسد کے دفاع میں جنگ کے لیے جانے پر تیار ہیں۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق جنرل رضا نقدی نے تہران میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایران کی پاپولر موبلائزیشن فورسز بسیج کے پرچم تلے لاکھوں افراد شام اور فلسطین کے علاقے غزہ جانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بسیج سے وابستہ ارکان کی تعداد 22 ملین سے زیادہ ہے اور یہ سب تربیت یافتہ جنگجو ہیں۔ اپنے ایک دوسرے بیان میں‌ محمد رضا نقدی نے الزام عائد کیا کہ بغداد میں امریکی سفارت خانہ داعش کے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ ہے اور داعش کی تمام مرکزی قیادت امریکی سفارت خانے میں موجود ہے۔ انہوں‌ نے کہا کہ ایرانی رضاکار عراق جانے کے لیے بھی تیار ہیں، لیکن وہاں پر پہلے سے مقامی رضاکار جنگجوؤں کی اچھی خاصی تعداد موجود ہے، اس کے باوجود اگر انہیں ہماری ضرورت پڑی تو ہم تربیت فراہم کرنے کے لیے ان کی ہرممکن معاونت کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button