کوئٹہ ایئر بیس حملہ کالعدم تحریک طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی
شیعت نیوز۔ کوئٹہ: کالعدم تحریک طالبان غالب محسود گروپ نے کوئٹہ کے سمنگلی اور خالد ایئر بیس پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
نمائندہ ڈان ڈاٹ کام سید علی شاہ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ غالب محسودکالعدم تحریک طالبان کےخودکش ونگ کاسرغنہ ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے جمعے کی صبح کوئٹہ کے سمنگلی اور خالد ایئر بیس پر حملہ کرنے والے دس مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا۔
پاکستان افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ سمنگلی اور خالد ایئر بیس کو مکمل طور پر کلیئر کروالیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ ایئرپورٹ بھی کھول دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے سربراہ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کوئٹہ ایئرپورٹ اور سمنگلی ایئر بیس کو مکمل طور پر کلیئر کروا کر کھول دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے ہمارے آزادی کے جشن کو متاثر کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا گیا۔