شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائینگی، دفاع وطن کیلئے افواج کی قربانیاں لائق تحسین ہیں، علامہ ساجد نقوی

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں لائق تحسین ہیں، پوری قوم ارض پاک کے دفاع کیلئے متحد ہے، مسائل کے حل کیلئے بھی اتحاد کا علم تھامنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ پاک فوج نے جس طرح ارض وطن کے دفاع کیلئے اپنی قربانیاں دیں وہ لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس قوم میں شہادت کا جذبہ پنپ رہا ہو اور مادر وطن کیلئے جوش چھلکتا ہو، اس کا دفاع ناقابل تسخیر بن جاتا ہے اور شہداء کے خون نے دفاع وطن کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک بے شمار مسائل کا شکار ہے، بے روزگاری، غربت، امن و امان کی بدتر صورتحال اور توانائی بحران جیسے مسائل کا سامنا ہے جبکہ پاک سرزمین کے خلاف طرح طرح کی سازشوں کے بھی جال بنے جا رہے ہیں، ایسے حالات میں انتہائی بردباری، تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور متحد ہوکر ان مسائل کا سامنا کرنا ہوگا۔








