جیش العدل نے فروری میں اغوا کئے گئے پانچ ایرانی سرحدی گارڈز میں سے ایک کو شہید کر دیا۔ ذرائع
(نیوز ڈیسک – اسلام آباد) اطلاعات کے مطابق دہشت گرد گروپ جیش العدل نے اغوا کئے گئے پانچ ایرانی سرحدی گارڈز میں سے ایک گارڈ جمشید دانیفر کو شہید کر دیا جنہیں پاک ایرانی بارڈر سے 6 فروری کو اغوا کیا گیا تھا۔ صدائے مظلومین نیٹ ورک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق طالبان کی ذیلی جماعت جیش العدل جس کے عزائم جنداللہ کی طرح ایران مخالف ہیں ، نے اغوا کئے گئے گارڈز کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا جن میں سے ایک ایرانی گارڈ جمشید کو اتوار کے روز شہید کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس خبر کو جیش العدل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں نشر کیا جس کی ایرانی حکومت نے تردید کی جبکہ معلومات جمع کرنے کے بعد ایرانی وزارت داخلہ نے اس خبر کی تصدیق کر دی کہ ایرانی گارڈ کو شہید کر دیا گیا ہے۔ سیستان اور بلوچستان کے ڈپٹی گورنر جنرل علی اصغر میرشکاری نے سوموار کے روز اس خبر کی تصدیق کر دی کہ اغوا کئے گئے پانچ گارڈز میں سے ایک کو شہید کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف ایران نے اپنے فوجیوں کے اغوا کی تمام تر ذمہ داری پاکستانی حکومت پر عائد کی ہے۔ ایرانی گارڈ کی شہادت کی تردید یا تصدیق کے حوالے سے پاکستانی حکومتی ذرائع سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔