امت مسلمہ متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرے، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مرکزی رہنماء مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ مقصود علی ڈومکی نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا کہ پوری امت مسلمہ متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرے۔ سعودی عرب، قطر، یو اے ای اور دیگر عرب ممالک کو چاہیے کہ وہ امریکی غلامی سے نکل کر اسلامی جمہوریہ ایران اور مزاحمتی بلاک کا حصہ بنیں، جو گزشتہ کئی سالوں سے امریکی و اسرائیلی ظلم و بربریت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے تعلقہ کوٹ ڈیجی میں جامعہ امام علی علیہ السلام اور سید زین العابدین شاہ کی رہائش گاہ پر معززین اور تنظیمی رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا۔
اس موقع پر اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنما و سابق مرکزی صدر اصغر علی بزدار، رئیس نثار علی چانڈیو، علامہ سرفراز مہدی چانڈیو، عمران علی شاہانی، علامہ سیف علی ڈومکی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ بعض مسلم و عرب حکمرانوں نے مجاہدینِ اسلام اور مزاحمتی بلاک کی پیٹھ میں خنجر گھونپ کر امریکہ اور اسرائیل کے ایجنٹ کا کردار ادا کیا۔ آج بھی غزہ، یمن اور لبنان انہی عرب حکمرانوں کی خیانتوں کے نتیجے میں لہو لہان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، محمد اسلامی
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فلسطین کے مظلوم عوام کا ساتھ دینا چاہیے جو اسرائیل کے خلاف میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ اسرائیل پاکستان کا کھلا دشمن ہے اور بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے آج سے ایک صدی قبل ہی غاصب اسرائیل اور عالمی استکباری قوتوں کے مذموم عزائم اور اسلام دشمن خطرناک منصوبے سے امت مسلمہ کو آگاہ کیا تھا۔
مزید برآں، علامہ مقصود علی ڈومکی نے حالیہ سیلابی تباہ کاریوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور حکومت و ریاستی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ متاثرین سیلاب کی بھرپور امداد کو یقینی بنائیں۔ حکومت کی جانب سے بلند و بالا دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ سیلاب متاثرین جن کے گھر، مال مویشی اور کھیت و کھلیان تباہ ہو گئے، انہیں دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔







