سانحہ مستونگ میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کیا جائے، حیدر عباس رضوی

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرکے انہیں معاوضہ ادا کیا جائے۔ حیدر عباس رضوی نے سانحہ مستونگ میں جاں بحق افراد کے سوگوار اہل خانہ، ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاجی دھرنوں پر بیٹھنے والوں کے تمام جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں۔ گذشتہ روز بلوچستان مستونگ کے علاقے درین میں زائرین کی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 25 سے زائد زائرین جاں بحق ہوئے۔ رابطہ کمیٹی نے جاں بحق افراد کے سوگوار اہل خانہ، ہزارہ برادری سمیت احتجاجی دھرنوں میں شریک ایک ایک فرد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے اور دہشت گردی روکنے میں ناکام ہورہی ہے جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں کئی گناہ اضافہ ہوچکا ہے۔








