مولانا دیدار حسین جلبانی اور ان کے گارڈ کی نماز جنازہ ادا، تدفین خیرپور میں ہوگی

مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء مولانا دیدارحسین جلبانی اور ان کے گارڈ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ مولانا دیدار جلبانی کی تدفین خیرپور کی تحصیل ٹھری میرواہ کے نواحی گاوٴں جلبانی میں کی جائے گی۔ مولانا دیدار کی نماز جنازہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے پڑھائی، اس موقع پر علامہ امین شہیدی، علامہ حسن ظفر نقوی، شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ ناظر تقوی اور دیگر شیعہ سنی رہنماء موجود تھے۔ نماز جنازہ کے بعد شرکاء نے نمائش چورنگی پر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے جبکہ ایم اے جناح روڈ کل سے ہی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ ریاست اور ریاستی ادارے کہاں ہیں؟، گذشتہ روز 12 افراد کو لقمہ اجل بنا دیا گیا، ہم مولانا دیدار کے ساتھ ان بےگناہوں کے قتل پر بھی نوحہ کناں ہیں جنہیں بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افغانستان سے بھی بدتر بنانے کی کوششں کی جا رہی ہے، شیعہ سنی اپنے اتحاد کے ذریعے دشمن کی سازشیں ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نماز جنازہ میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور شخصیات نے شرکت کرکے ثابت کردیا ہے کہ ملک میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے بلکہ اصل مسئلہ دہشتگردی ہے جس سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔








