پاکستان

عبدالطیف بھٹائی اور قراقرم یونیورسٹی میں یوم حسین (ع) کی تقریب روکنا افسوسناک ہے، اطہر عمران

ather5امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے شاہ عبدالطیف بھٹائی یونیورسٹی سندھ اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں یوم حسین (ع) کے پروگرام کو انتظامیہ کی جانب سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین (ع) کسی خاص فرقے یا گروہ کے امام نہیں بلکہ امام عالی مقام محسن انسانیت اور انبیاء علیہ السلام کی محنت کو بچانے والی شخصیت ہیں۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام نے میدان کربلا میں اپنے خانوادے کی قربانی دے کر خداوند متعال کی خوشنودی اور رضا حاصل کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز اور کالجز میں یوم حسین (ع) کے پروگرامات کو روکنا انتظامیہ کی متعصب اور انتہا پسند سوچ کی ترجمانی ہے، امام حسین علیہ السلام کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر ہی تمام تر مشکلات سے نجات پاسکتے ہیں۔

اطہر عمران نے مزید کہا کہ آبرومندانہ زندگی گزارنے کے لیے امام عالی مقام کی شخصیت کامل ترین نمونہ ہے، اس وقت پاکستان کے مسائل کی ایک بڑی وجہ انتہا پسند قوتیں اور اُن کی سوچ ہے۔ اس موقع پر اُنہوں نے شاہ عبدالطیف بھٹائی یونیورسٹی کے طلباء کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس و رینجرز کی جانب سے امام عالی مقام (ع) سے محبت رکھنے والے طلباء کی گرفتاری اُن کے کردار کو آشکار کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز میں ہر سال یوم حسین (ع) کی تقریبات منعقد ہوتیں ہیں، جبکہ شاہ عبدالطیف بھٹائی یونیورسٹی اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں یوم حسین (ع) کے انعقاد میں رُکاوٹیں پیدا کرنا انتہا پسند فکر کی عکاسی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button