پاکستان

گوجرانوالہ، 2 امام بارگاہوں پر فائرنگ، 3 شیعہ شہید، ورثاء کا شدید احتجاج

shadatگوجرانوالہ کی دو امام بارگاہوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امام مسجد سمیت تین افراد شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد ورثا اور مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور میتیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ گوجرانوالہ میں دو امام بارگاہوں میں فائرنگ سے تین افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد شہر میں کشیدگی ہے۔ ورثا اور مشتعل افراد نے عالم چوک بائی پاس پر میتیں رکھ کر احتجاج کیا اور روڈ بلاک کردیا۔ بعض مشتعل افراد نے دکانیں بند کرانے کی بھی کوشش کی۔ فائرنگ کے واقعات نماز فجر کے وقت پیش آئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے پہلے محلہ شاہ رخ کالونی میں واقع امام بارگاہ کو نشانہ بنایا۔ ملزمان کی فائرنگ سے امام مسجد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ مومن پورہ کی امام بارگاہ کے اندر پیش آیا۔ جس میں دو نمازی جاں بحق ہوئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ملزمان نے سائلنسر لگی پستول سے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ پولیس واقعے کے آدھے گھنٹے کے بعد پہنچی۔

دیگر ذرائع کے مطابق باغبانپورہ کے علاقے مومن پورہ اور شاہ رخ کالونی کی امام بارگاہوں میں نامعلوم افراد نے نماز فجر کے فوراً بعد اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ مومن پورہ میں واقع امام بارگاہ قصر ابو طالب میں پیش آیا، جس میں امام مسجد یوسف اور امانت علی دو افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ دوسرا واقعہ شاہ رخ کالونی میں واقع امام بارگاہ قصر زینبیہ میں پیش آیا، جس میں مسلح افراد کی فائرنگ سے وہاں پر موجود موذن سید جاوید جاں بحق ہوا۔ پولیس نے بھی فائرنگ میں امام مسجد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ امام بارگاہوں کے اندر کی گئی اور دونوں واقعات ایک ہی وقت میں پیش آئے۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کے وقت لوگوں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے جانی نقصان کم ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گوجرانوالہ میں اس نوعیت کا پہلا واقعہ ہے، جس میں کسی مذہبی مقام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button