پشاور گرجا گھر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، علامہ ساجد نقوی

علامہ سید ساجد علی نقوی نے پشاور میں گرجا گھر میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عیسائیوں کی عبادت گاہ پر خودکش حملے کا واقعہ قابل افسوس ہے اور ہم بے گناہ انسانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسان نہیں بلکہ انسانوں کے روپ میں خونی درندے ہیں جو ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان درندوں کا کسی مذہب و مسلک سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ حکومت اس ملک کے پُرامن شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ہر طرف دہشت گردوں کا راج ہے، حکومت نام کی کوئی چیز نہیں اور ان حالات میں ریاستی اداروں کی خاموشی ملک کے لئے نقصان دہ ہے۔ اگر ریاستی اداروں نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو ملک کی سالمیت خطرہ میں پڑ جائے گی۔ آخر میں انہوں نے واقعہ پر دلی افسوس کا اظہار اور سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو ان کے سرپرستوں سمیت بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
بعدازاں انہوں نے واقعہ میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کیلئے صبر کی تلقین جبکہ زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔








