پاکستان

بہارہ کہو اسلام آباد کے خودکش حملے کو ٹیسٹ کیس بنایا جائے، علامہ ساجد نقوی

allama sajidملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائمقام سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی عین ناک کے نیچے ہائی سکیورٹی الرٹ کے باوجود بہارہ کہو میں خودکش حملہ آور کا پہنچنا قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، تاہم مسجد انتظامیہ کی کوششوں سے ملک ایک اور بڑے سانحے سے محفوظ رہا، لہذا اس خودکش حملے کو ٹیسٹ کیس بنا کر اعلٰی سطحی تحقیقاتی کمیشن قائم کرکے حقائق منظر عام پر لاکر قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لئے قومی دفاعی پالیسی وضع کرنے میں کیا امر مانع ہے؟ ملک کی تشکیل و تعمیر میں اقلیتوں نے دوسروں کے شانہ بشانہ حصہ لیا تھا لہذا ان کے حقوق کا دفاع اور تحفظ بھی ضروری ہے، کوئٹہ کے سانحات پر عدالت عظمٰی کے ازخود نوٹس خوش آئند ہیں، تاہم سانحات کے پس پردہ محرکات عوام تک اور قاتل و مجرم تختہ دار تک پہنچنے چاہئیں، حالیہ طوفانی بارشوں نے ملک کے طول و عرض میں تباہی مچا دی ہے، لہذا جانی و مالی نقصان کے ازالے اور مستقبل میں عوامی املاک کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات برؤے کار لائیں جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر پڑھانے کے بعد عید کے روز اور اگلے روز ملک بھر سے آئے ہوئے مختلف علماء، اکابرین، شخصیات اور کارکنوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں عیدالفطر کے موقع پر ہائی سکیورٹی الرٹ کے باوجود خودکش حملہ آور کا پہنچنا باعث تشویش ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کیا جائے۔ مسجد انتظامیہ کی کوششوں سے ملک ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا اور سفاک حملہ آور اپنی مذموم کوشش میں ناکام رہا۔ سانحہ میں شہید ہونے والے سکیورٹی گارڈ کے لواحقین اور اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ملک میں موجود اقلیتوں نے تشکیل پاکستان کے وقت دیگر طبقات کے شانہ بشانہ قربانیاں دیں اور اس وقت تعمیر پاکستان میں بھی نمایاں حصہ لے رہی ہیں، لہذا اقلیتوں کے دن کے موقع پر ریاست ان کے حقوق کے دفاع و تحفظ کو بھی اپنا اولین فریضہ سمجھے۔ علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ملک سے دہشت گردی کے لعنت کے مکمل خاتمے کے لئے قومی دفاعی پالیسی وضع کرنے میں کیا امر مانع ہے؟ انہوں نے حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ملک کے طول و عرض میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام کے جان و مال اور املاک کے تحفظ اور ضروری حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button