پاکستان

شہید کوثر ثقلین ایڈووکیٹ کے اہل خانہ سے اطہار تعزیت کیلئے علامہ ساجد نقوی چکوال پہنچ گئے

sajidملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائمقام سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی گذشتہ دنوں کراچی میں اپنے دو کمسن بچوں کے ہمراہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے قانون دان شہید کوثر ثقلین ایڈووکیٹ کے اہل خانہ اور متاثرہ خاندان سے تعزیت کے لئے ان کے آبائی گاؤں لہڑی پنجگرائیں (چکوال ) پہنچ گئے۔ اس موقع پر انکے ہمراہ شیعہ علماء کونسل چکوال کے صدر علامہ سید قمر نقوی، علامہ امداد صابری، علامہ مظہر کاظمی، علامہ محمد تحسین، مولانا غلام عباس کاظمی، مولانا ابرار حسین شاہ، مولانا صالح جعفری، ملک گل مزار، چوہدری عزادار حسین موجود تھے۔ علامہ ساجد نقوی نے شہید کے والد مطوب حسین کھوکھر اور دیگر لواحقین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی۔

بعد ازاں ایک بڑے تعزیتی اجتماع جس میں علاقہ بھر سے تمام مکاتب اور مسالک کے افراد موجود تھے، سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ مکتب تشیع کی پوری تاریخ خون سے رنگین ہے اور نہ ہی حالیہ دلخراش سانحہ کوئی پہلا سانحہ ہے۔ ہم اس ملک کے مہذب، تہذیب یافتہ، قانون پسند اور ذمہ دار محب وطن شہری ہیں۔ امت مسلمہ کا ایک طاقتور حصہ ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وطن عزیز میں تمام مسلمہ اسلامی مکاتب فکر کو ایک لڑی میں پروئے رکھیں اور ایک پلیٹ فارم پر جمع کریں اور اس کے لئے ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل جیسے پلیٹ فارم تشکیل دیئے گئے، تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو اور وحدت و اتحاد، اخوت و بھائی چارے کی فضا قائم ہوسکے، یہی وجہ ہے کہ گلی محلے کی سطح پر آج بھی بلاتفریق مذہب و مسلک ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ مٹھی بھر شرپسند عناصر جن کا مسلک و مکتب فقط اور فقط قتل و غارتگری، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ ہے، معصوم اور بے گناہ عوام کا مسلسل خون بہا رہے ہیں مگر اسلامیان پاکستان اپنے وحدت و اتحاد کے ذریعے ایسی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ نومنتخب جمہوری حکومت سے عوام کو اس حوالے سے بہت ساری توقعات ہیں اور عوام سمجھتے ہیں کہ ریاست اور حکومت کی اولین ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ لہذا نئی حکومت امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے اور دہشت گردی، خودکش حملوں، بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کو جڑ سے اکھاڑنے اور ملک اور عوام کو امن و سکون فراہم کرنے کو اپنے ایجنڈے کا مرکزی و محوری نقطہ قرار دے گی۔ امن و امان کے قیام اور وحدت و یکجہتی کے فروغ میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button