کوہاٹ، قومی اسمبلی کے شیعہ امیدوار سید نور اکبر کے الیکشن آفس میں دھماکہ، 8 افراد شہید، 18 زخمی
ضلع کوہاٹ کے علاقہ کچہ پخہ میں این اے 39 سے آزاد امیدوار سید نور اکبر کے الیکشن دفتر میں بم دھماکے کے باعث 8 افراد شہید جبکہ 18 زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے حلقہ این اے 39 سے شیعہ آزاد امیدوار سید نور اکبر کے الیکشن آفس میں انتخابی سرگرمیاں جاری تھیں کہ زور دار دھماکہ ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں 8 افراد شہید جبکہ 18 زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں سید نور اکبر کے چچا اور علاقہ مشر بادشاہ گل بھی شامل ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے دھماکہ کے نتیجے میں الیکشن آفس کی چھت مکمل طور پر منہدم ہوگئی۔ جس کے بعد نعشوں اور زخمیوں کو ملبہ سے نکالا گیا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ میں 10 کلو گرام وزنی بارودی مواد استعمال کیا گیا، جو ایک گھی کے ڈبے میں نصب تھا۔ واضح رہے کہ کچہ پخہ کا علاقہ اہل تشیع آبادی پر مشتمل ہے۔