پاکستان

حکمران اور عوام خود کو علامہ اقبال کے افکار و نظریات کے سانچے میں ڈھالیں علامہ ساجد نقوی

sajid naqvi abbas townملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائمقام صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے مفکر پاکستان علامہ اقبال کے یوم وفات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ شاعر مشرق کے افکار و خیالات دراصل امت مسلمہ کے ہر دردمند انسان کی آواز تھے۔ آپ نے جہاں برصغیر کے مسلمانوں میں جذبہ حریت بیدار کرنے کی کوشش کی وہاں دنیا بھر کے مسلمانوں کو اسلام پر عمل پیرا ہونے، قرآنی احکامات پر کاربند ہونے، سیرت رسول ص سے عملی استفادہ کرنے، مشاہیر اسلام کے کردار کا مطالعہ کرنے اور اسلامی روایات و اقدار کو رواج دینے کی سعی کی۔ اس طرح ان کے ہمہ جہتی کلام اور موضوعات کا ثبوت ملتا ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے قرآن و حدیث اور تاریخ اسلام سے جس طرح مثبت انداز میں استفادہ کیا وہ ان کا طرۂ امتیاز تھا اس استفادے کا واضح اظہار آپ کے کلام میں دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ انہوں نے جگہ جگہ پر اسلام، بانی اسلام اور اسلامی اقدار و روایات کو موضوع کلام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان آج بھی حقیقی معنوں میں آزاد نہیں ہے، اس کی سالمیت اور خود مختاری آج بھی داؤ پر لگی ہوئی ہے، اس کے عوام آج بھی تہہ تیغ کئے جا رہے ہیں، اس کی سرحدیں آج بھی غیر محفوظ ہیں اور اس پر آج بھی مغربی اور یورپی ثقافت کی یلغار جاری ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سب سے پہلے حکمران اور پھر عوام اپنے آپ کو علامہ اقبال کے افکار و نظریات کے سانچے میں ڈھالیں تاکہ پاکستان انفرادی لحاظ سے ترقی کرے اور عالم اسلام کا مرکز و محور قرار پائے۔

علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ علامہ اقبال نے پاکستان کو اسلام کا مرکز اور قلعہ بنانے کا جو فلسفہ دیا اس پر بھی عمل نہیں کیا گیا، ان کے فلسفہ خودی کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ کسی لحاظ سے قابل فخر نہیں ہے، ان کے کلام سے شعری چاشنی تو حاصل کی گئی لیکن اس میں مخفی پیغام کو نہیں سمجھا گیا، ان کے نام سے ادارے تو بنائے گئے لیکن انکے پیغام کو عملی شکل دینے کی کوشش نہیں کی گئی، آزادی اور حریت کا جو سلیقہ اقبال نے بتلایا اس پر عمل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ شاعر مشرق کے ان افکار و نظریات کو بھی عملی طور پر ملک اور معاشرے میں پروان چڑھا کر ملک کو حقیقی طور پر آزاد، خودمختار اور خوشحال پاکستان بنایا جائے تاکہ مفکر پاکستان علامہ اقبال اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے خوابوں کی عملی تعبیر حاصل ہو سکے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button