پاکستان

فرقہ وارانہ فسادات کی ناکام کوششیں مخصوص گروہ کیطرف سے کی جا رہی ہیں، علامہ ساجد نقوی

chodri sajidملی یکجہتی کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام صدر ملی یکجہتی کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی ناکام کوششیں مخصوص گروہ کی طرف سے کی جا رہی ہیں۔ ملک میں بےگناہ لوگوں کا قتل عام جاری ہے۔ کونسل کے نئے سربراہ کے انتخاب بارے بات کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ جلد سربراہی اجلاس بلائیں گے جس میں ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ کا اعلان کیا جائے گا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ قاضی حسین احمد کی وفات اور اس سانحہ ارتحال کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے جس میں ستائیس کے قریب جماعتوں کے قائدین نے تعزیت پیش کی اور عزم کا اظہار کیا کہ داعی اتحاد امت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ اس خلا کو پر کرنا ناممکن ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ تمام جماعتیں قاضی حسین احمد کے سنہری اصول، قدر مشترک درد مشترک پر یکجا ہیں اور ملک سے فرقہ واریت، شدت پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ اس سے قبل ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ملی یکجہتی کونسل کے نئے صدر کے لئے کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہو سکا۔ قائمقام صدر علامہ سید ساجد علی نقوی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان، حافظ حسین احمد، لیاقت بلوچ، آصف لقمان قاضی اور کئی دوسرے نام سامنے آئے۔ علامہ محفوظ مشہدی نے تجویز پیش کی کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کو صدر اور قاضی حسین احمد کے صاحبزادے آصف لقمان قاضی کو سینئر نائب صدر بنا دیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button