ہمیں اپنے اتحاد سے نام نہاد جہادیوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، علامہ حسن ظفر نقوی
ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستانی مسلمانوں کو خاک و خون میں نہلانے کیلئے امریکی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے اور امریکی ایجنٹ یہاں کشت و خون کا بازار گرم کرنا چاہتے ہیں۔
معروف عالم دین، خطیب اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ معصوم لوگوں کو بربریت کا نشانہ بنانے والے کس کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ پشاور، چارسدہ، کوئٹہ اور دیگر مقامات پر ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلمانوں کو خاک و خون میں نہلانے کیلئے امریکی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے اور امریکی ایجنٹ یہاں کشت و خون کا بازار گرم کرنا چاہتے ہیں، لیکن پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے مسلمان ہوشیار ہیں اور وہ اپنے دشمن کو پہچانتے ہیں۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ ہمیں اپنے اتحاد سے نام نہاد جہادیوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے بم دھماکوں کے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ایسے عناصر ملک و قوم کی خدمت نہیں بلکہ خیانت کر رہے ہیں، جو اپنے غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر معصوم شہریوں کو قتل کر رہے ہیں۔