پاکستان

حکومت علامہ الطاف حسین الحسینی کے قاتلوں کو بے نقاب کرے , شیعہ علماء کونسل

shia-ullma-protestشیعہ علماء کونسل کے صوبائی نائب صدر علامہ الطاف حسین الحسینی پر کوٹری میں دہشت گردوں کے حملے کے خلاف شیعہ علماء کونسل سندھ اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے۔ کراچی میں پریس کلب پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے صوبائی نائب صدر علامہ جعفر سبحانی، مولانا کامران عابدی، مولانا کوثر عباس، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسنین حیدر جعفری، اطلاعات سیکریٹری محمد رضا عابدی اور کراچی ڈویژن کے صدر مغیث عالم نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ حکومت اگر دہشت گردی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے تو سنجیدگی کے ساتھ ملک عزیز کے اندر موجود منظم قوتوں اور ان کے پس پردہ عوامل کو بے نقاب کرے۔ ملک میں سب سے زیادہ ظلم و دہشت گردی کا شکار ملت جعفریہ ہے جس کے ہزاروں علماء، عزاداران اور مختلف شعبہ زندگی کے چیدہ چیدہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ کئی برسوں سے کالعدم انتہا پسند عناصر ملت جعفریہ کے معصوم لوگوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں لیکن اب تک ایک بھی قاتل گرفتار نہیں ہوا۔ حکومت ہر واقعہ کے بعد بلند بانگ دعوے تو کرتی ہے اور قاتلوں کو عبرتناک سزا دلوانے کی باتیں بھی ہوتی ہیں مگر ہمیں یاد نہیں کہ آج تک کسی ایک قاتل کو بھی تختہ دار پر لٹکایا گیا ہو۔ ان کی سزاؤں پر عملدرآمد میں کون سی قوت رکاوٹ ہے؟ یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ بار بار کی اپیل کے باوجود نہ کسی سانحے پر کوئی اعلیٰ عدالتی کمیشن بنتا ہے نہ قاتل بے نقاب ہوتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ہم حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک میں جاری لاقانونیت اور دہشت گردی کو بند کرنے کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائیں۔ ملک میں جاری شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کو روکا جائے اور سزا یافتہ ملزمان کو جیل میں رکھنے کے بجائے ان کی سزاؤں پر عملدرآمد کروا کر ان ظالم دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button