رحمان ملک کاآئی ایس او کے خلاف بیان امریکی اور اسرائیلی عزائم کی عکاسی ہے
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عادل بنگش نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئی ایس او ہمیشہ استحکام پاکستان کے لئے سرگرم رہی ہے،رحمان ملک کاآئی ایس او کے خلاف بیان امریکی اور اسرائیلی عزائم کی عکاسی ہے،جبکہ کراچی میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر رحمان شاہ اور دیگر نے کراچی پریس کلب میں رحمان ملک کی جانب سے آئی ایس او کے خلاف بیان کو بے بنیاد قرار دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر عادل بنگش نے کہا کہ گذشتہ روز وزیر داخلہ رحمان ملک کی جانب سے آئی ایس او کو فرقہ واریت میں ملوث کرنے کا بیان سامنے آنا اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے رحمان ملک ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ کرنے والی ملک گیر طلباء تنظیم کے خلاف گھناؤنی سازشوں کا نشانہ بنا رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ پاکستان کے حکمران اپنے غیر ملکی آقاؤں امریکہ اور اسرائیل کی خوشنودی کی خاطر اس طرح کے شرمناک فعل کے مرتکب ہو رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومتی اہلکار کالعدم جماعتوں کے رہنماؤں اور دہشت گردوں کا سہارا لے رہے ہیں اور ان کی پشت پناہی میں مصروف عمل ہیں۔مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کا کہنا تھا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان انیس سو بہتر سے لے کر آج تک ہمیشہ سے نوجوان طالب علموں کو وحدت مسلمین اور استحکام کا درس دیتی آئی ہے۔ پھر اپنا یہ پیغام طلباء کی سطح سے بڑھا کر ملک عزیز کے ہر مسلک ، گروہ اور طبقہ تک پہنچانے میں صف اول کا کردارادا کیا ۔آئی ایس او پاکستان ملک کی واحد طلباء تنظیم ہے جس نے اسلام اور پاکستان دشمن عناصر کو بے نقاب کرنے کے لئے ستر کی دہائی سے آواز بلند کی۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ عالمی استعمار بالخصوص امریکہ، اسرائیل، بھارت کے مکروہ عزائم سے پردہ اٹھانے کے لئے مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل، مردہ باد ہندوستان کے شعار کو ہر شہری کے کانوںتک پہنچایاآج پاکستان کا بچہ بچہ یہ جان چکا ہے کہ اس بدامنی، دہشت گردی اور ملک کے عدم استحکام میں کس کا ہاتھ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہر مذہبی تنظیم، سیاسی جماعت، سوشل تنظیموں اور اداروں کی زبان پر مردہ باد امریکہ کے الفاظ جاری ہیں۔ مگر افسوس کہ ہمارے نادان حکمران غلامی کی زنجیروں میں جکٹرے ہوئے ہیں۔ باوجود اس کے کہ وہ عالمی دہشت گرد سرزمین پاک پر حملے کر رہے ہیں اور کھلم کھلا گھوم پھر رہے ہیں ،یہ ناعاقبت اندیش حکمران نہ صرف یہ کہ انہیں کھلی چھٹی دیتے ہیں بلکہ ان کے احکامات کو من و عن لاگو کرنے میں بھی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتے۔ دیگر سینکڑوں مثالوں میں سے ایک مثال یہ ہے کہ گزشتہ سال امریکی سفیر نے مارچ کے مہینے میں اپنے چیلے رحمان ملک کو یہ احکامات جاری کئے کہ پاکستان کے اندر امریکہ کے خلاف اٹھنے والی آواز کو دبانے کے لئے آئی ایس او پاکستان کا راستہ روکا جائے کیونکہ غزہ ، فلسطین پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے خلاف پاکستان میں ایک بھر پور اور کامیاب ـ”تحریک حمایت فلسطین”کا آغاز کر دیا تھا۔ رحمان ملک نے امریکی سفیر سے کئے گئے وعدے کو پورا کرنے کے لئے اس سال مارچ میں اپنی مذموم بیان بازی کا سہارا لیا۔ حالانکہ اس تنظیم کا ماضی اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ اس نے ہمیشہ استحکام پاکستان کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ چاہے وہ اکتوبردو ہزر پانچ کے زلزلے میں کئی مہینوں تک ریلیف کیمپ لگانا ہو یا پھر پنجاب، سندھ ، بلوچستان کے سیلاب زدگان کی فوری ریلیف کا روائیاں ہوں۔ ان جوانوں نے جانوں پر کھیل کر اپنا کردار ادا کیا۔