

حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں رفیق حریری قتل کیس ٹریبیونل کے بارےمیں رہبرانقلاب اسلامی کے بیان کو مشرق وسطی کےعوام کے حقوق کا دفاع قراردیا ہے ۔ حزب اللہ نے کہا ہےکہ رفیق حریری قتل کیس ٹریبیونل کے بارےمیں رہبرانقلاب اسلامی کابیان ان کے واضح اور مخلصانہ موقف کو ظاہرکرتاہےکیونکہ آپ عالم اسلام میں اتحاد اور مزاحمت و استقامت کے حق میں ہيں اور علاقے میں امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں کے خلاف ہیں۔ حزب اللہ کے بیان میں آیا ہےکہ حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کا یہ دلیرانہ موقف علاقائي قوموں کی حمایت اور دشمن کے ظالمانہ منصوبوں کے
خلاف ہے۔ حزب اللہ کے بیان میں آیا ہےکہ رہبرانقلاب اسلامی کا یہ موقف شرعی ، سیاسی اور انٹلجنس اصول و موازین کے مطابق ہے جو آپ کے موقف کی حقانیت پر دلیل ہیں اور آپ نے رائے عامہ کو آگاہ کرنے کےلئے یہ بیان دیا ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے پیر کے دن امیر قطر سے ملاقات میں رفیق حریری قتل کیس ٹریبیونل اور اس کے ممکنہ فیصلے کے بارےمیں امیر قطر کےبیان کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا تھا کہ یہ ٹریبیونل نمائشی عدالت ہےاور اس کا ہرفیصلہ مسترد ہے ۔ آپ نے فرمایا تھا کہ ہم امید رکھتےہیں کہ لبنان میں باثر حلقے عقل و حکمت کی اساس پر عمل کریں گے تاکہ ٹریبیونل کا مسئلہ سنگين صورتحال اختیار نہ کرلے۔