خواتین عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ تعلیم قرآن سے بھی درس حاصل كریں کشمیر میں جشن ولادت امام حسن مجتبیٰ (ع) سے مقررین کا خطاب

ہندوستان زیر انتظام کشمیر کے سرحدی ضلع کرگل میں امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے شعبہ خواتین ۔ زینبیہ وومن ویلفیئر سوسائٹی ۔ کے اہتمام سے نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے انڈور اسٹیڈیم میں دن بھر محفل جشن کا انعقاد کیا گیا جس میں نماز ظہرین سے پہلے قرآن کا مسابقہ برگذار ہوا۔ محفل میں ضلع کے مختلف دارالقرآنوں کے طالبات کے علاوہ خواتین زینبیہ کے دو دارالقرآن کے طالبات، جامعۃ الزہرا کے طالبات اور عام خواتین نے بھی شرکت کی۔
اس محفل کی صدارت نگران کونسل کے چیئرمین آقائے شیخ محقق فرما رہے تھے۔ محفل میں جناب سید حسین موسوی صاحب میر واعظ اور الحاج اصغر علی کربلائی صاحب اعزازی مہمان تھے۔ آقائی شیخ ابراہیم کریمی اور آقای شیخ عیسیٰ حافظی نے جج کے فرائض انجام دئے اور نظامت کے فرائض حاجیہ طاہرہ ذاکری نے انجام دی۔ محفل میں کرگل کئے اطراف و اکناف سے ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
مقررین نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے قرآن خوانی کی اہمیت اور خواتین کو تعلیم قرآن دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
جناب الحاج کربلائی صاحب نے کہا کہ دور حاضر میں خواتین کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن اور اہل البیت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔ یہ سلسلہ نماز ظہر تک چلتا رہا ۔
آخر میں مقابلہ میں ممتاز پانے والے طالبات میں صدر کے مبارک ہاتھوں سے انعامات تقسیم کئے۔ اس مقابلہ میں دارالقرآن منجی خاص، دارالقرآن زینبیہ کرگل خاص اور دارالقرآن منی گنڈ کے طالبات بالترتیب اول، دوم ، سوم کا درجہ پانے میں کامیاب رہے۔








