مشرق وسطی

بحرین: "یاد شہداء” کے عنوان سے عظیم ریلی کی تیاریاں

bahrain protest qatifبحرین کے انسانی حقو ق مرکز کے رکن نے کہا کہ 14 فروری کے انقلابی اتحاد نے آج (پیر 17دسمبر 2012) کے دن دارالحکومت منامہ میں یاد شہداء کے عنوان کے تحت عظیم ریلی کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے بھر پور شرکت کی دعوت دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بحرین کے انسانی حقوق مرکز کے رکن یوسف المحافظہ نے کل بروز اتوار العالم سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ایام میں بحرین کے درجنوں شہروں اور قصبوں میں بحرینی عوام کے مظاہرے اور احتجاجی دھرنے اور جلسے جلوس درحقیقت یاد شہداء کے عنوان سے آج منعقد ہونے والی ریلی کی تمہید تھے۔
المحافظہ نے واضح کیا: یاد شہداء کی یاد ہر سال 17 دسمبر کو 1994 کی آل خلیفہ مخالف تحریک کے دو شہیدوں کی یاد میں منائی جاتی ہے جو بحرین کے پہلے انقلابی شہداء ہیں اور اس سلسلے ميں مختلف علاقوں میں منعقدہ ریلیوں میں ہزاروں بحرینی شرکت کرتے ہیں اور ان ریلیوں میں ان دو شہیدوں کے قاتلوں پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
المحافظہ نے کہا: ہمیں یہ توقع نہیں ہے کہ آل خلیفہ یاد شہداء کی مناسبت سے منعقد ہونے والی ریلیوں کے لئے اجازت نامہ جاری کرے گا۔
انھوں نے کہا: گذشتہ سال فروری سے شروع ہونے والے انقلاب جب آل خلیفہ کی حکومت نے میدان اللؤلؤہ (پرل اسکوائر) کو انقلاب کے نقطۂ آغاز کے طور پر، منہدم کیا؛ اس وقت سے آج تک بحرینی عوام کے پرامن مظاہروں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں لیکن بحرینی عوام اپنے پرامن مظاہروں کے حق سے کبھی بھی دستبردار نہيں ہونگے اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
یوسف المحافظہ نے کہا: حکمران خاندان جھوٹ کا سہارا لے کر انقلاب بحرین کو مذہبی جنگ کے طور پر ظاہر کرنا چاہتا ہے اور آل خلیفہ کی طرف سے مصالحت اور صلح و آشتی کی دعوت بھی درحقیقت عالمی برادری کو دھوکہ دینے کے لئے دی جارہی ہے اور آل خلیفہ حکومت ہرگز صلح و آشتی کے درپے نہیں ہے بلکہ مخالفین کو "اسیروں کی قسمت” کے بارے میں مذاکرات کی دعوت دے کر در حقیقت دنیا والوں کو باورکرانا چاہتی ہے کہ گویا وہ مصالحت کی خواہاں ہے۔
انھوں نے کہا: حالیہ چند دنوں کے دوران درجنوں بحرینی باشندے آل خلیفہ کے شارٹ گنوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں اور یہ خود آل خلیفہ حکومت کی دورغگوئی اور مکاری کا ثبوت ہے۔
انھوں نے کہا: آل خلیفہ حکومت کے ساتھ مذاکرات و مصالحت کا سب سے بنیادی تقاضا یہ ہے کہ شہداء کے قتل میں ملوث افراد پر مقدمہ چلایا جائے اور ان کے خاندانوں سے معافی طلب کی جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button