عراق

عراقی حکومت اربعین حسینی کے زیادہ سے زیادہ بہتر انعقاد کی کوشش کررہی ہے۔

karbala imam hussainنجف اشرف کے محکمہ صحت عامہ نے کربلا جانےوالے زائرین کی سہولتوں کے لئے نجف سے کربلا کے راستے میں دسیوں طبی مراکز قائم کئے ہیں۔
نجف اشرف کے محکمہ صحت عامہ کے سربراہ الکندی نے اعلان کیا ہے کہ سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں شرکت کے لئے نجف سے کربلا پیدل جانےوالے سبھی زائرین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے نجف سے کربلا کے راستے میں اکسٹھ طبی مراکز قائم کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممکنہ مریضوں کے لئے بہت سی ایمبولینسوں کا بھی انتظام کیا گیا تاکہ ضرورت پڑنے پر مریضوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرسکیں۔
دوسری طرف صوبہ کربلا کی سیکورٹی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایسے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو اربعین حسینی کے موقع پر کربلا میں دہشت گردانہ کاروائیاں انجام دینا چاہتے تھے۔
صوبہ کربلا کی سیکورٹی کمیٹی کے سربراہ حامد صاحب نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی مدد سے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
اس سے پہلے بھی عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا تھا جو کربلا میں اسلحہ اور گولہ بارود منتقل کرنا چاہتے تھے۔
عراقی حکومت اور سیکورٹی انتظامیہ نے اربعین حسینی کے موقع پر ہر طرح کے ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لئے سیکورٹی کے انتظامات بہت ہی سخت کردئے ہیں اور کربلا جانےوالے تمام راستوں پر سیکورٹی کا سخت پہرہ ہے۔
تین جنوری سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم منایا جائے گا جس میں شرکت کے لئے دسیوں لاکھ  زائرین اور سوگوار عراق اور دنیا کے مختلف ملکوں سے کربلا پہنچ رہے ہیں تاکہ وہ امام عالیمقام اور ان کے اصحاب و انصار کی مظلومیت پر ماتم کریں اور اشک غم بہائیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button