عراق

کیا امریکہ عراق سے جانا چاہتا ہے؟

Iraq_Flagامریکہ کے صدر باراک اوباما نے اگرچہ عراق میں فوجی آپریشن ختم کرنے کااعلان کیا ہے لیکن اس وقت بھی امریکی فوجی عراق میں مختلف فوجی کاروائیوں میں ملوث ہیں ۔حال ہی میں امریکی فوجیوں نے فلوجہ شہر میں ایک گھر پر حملہ کرکے سات عراقی شہریوں کو قتل اور پانچ کو زخمی کیا ہے ۔امریکی فوجیوں کا یہ اقدام بغداد واشنگٹن معاہدے کی سراسر خلاف ورزی اور امریکی وعدوں کے منافی ہے ۔
اکتیس اگست کو جب امریکی فوجی عراق میں اپنا فوجی آپریشن ختم کرکے واپس جارہے تھے تو اس وقت اعلان کیا گيا تھا کہ عراق میں موجود باقی پچاس ہزار امریکی فوجی صرف عراقی فورسز کو تربیت دینے اور انکی پیشہ ورانہ مشاورت تک محدود ہوں گے ۔ اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ اسکے بعد امریکی فوجی کسی بھی فوجی آپریشن میں شرکت نہیں کریں گے تاوقتیکہ خود عراقی انتظامیہ انہیں مدد کے لئے طلب کرے ۔ ان تمام معاہدوں اور بیانات کے باوجود زمینی حقائق یہ ہیں کہ امریکی فوجی عراق میں جو چاہتے ہیں انجام دیتے ہیں حتی عراقی عوام کی چادر چاردیواری کا  بھی لحاظ نہیں کرتے اور رہائشی گھروں پر حملے سے بھی دریغ نہیں کرتے ۔ یہ تمام حقائق اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ امریکی عراق کے حوالے سے کسی معاہدے یا سمجھوتے کو ذرا برابر اہمیت نہیں دے رہا ہے امریکیوں نے عراق میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردوں سے مقابلے کے نام پر کئی بار عام شہریوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے ۔ عراقی عوام امریکی فوجیوں کی طرف سے دوہزار چار میں کئے گئے ہوائی حملوں کو نہیں بھول سکے ہیں جس میں امریکی طیاروں نے القاعدہ اور دہشت گردوں کو کچلنے کے بہانے سینکڑوں عام شہریوں کو خاک و خون میں غلطاں کردیاتھا ۔ ان شدید حملوں کی وجہ سے فلوجہ شہر تو تباہ ہوگيا لیکن امن و امان کی صورتحال بحال نہ ہوئی۔
اس میں ذرا برابر شک نہیں کہ امریکہ دہشت گردی کے مقابلے کے بہانے عراق میں سلامتی کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتا ہے اور اس بہانے عراق میں اپنی موجودگي کا جواز فراہم کرنا چاہتا ہے ۔
حال ہی میں بعض امریکی کمانڈروں نے اعلان کیا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو امن و امان کے حوالے سے خراب علاقوں میں امریکی فوجیوں کو دوبارہ تعیینات کیا جا سکتا ہے اس طرح کے بیانات سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ امریکہ عراق سے مکمل طور پر نکلتا نہیں چاہتا اور اس طرح کے مختلف بہانوں کی تلاش میں ہے جو اسکی عراق موجودگي کا جواز فراہم کرسکیں ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button