ایران

داعش عالمی استکبار کا آلۂ کار آیت اللہ موحدی کرمانی

karmani5اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران کے خطیب جمعہ آیۃ اللہ موحدی کرمانی نے داعش دہشتگرد گروہ کو عالمی استکبار کا آلۂکار اور عالمی سلامتی کیلئے ایک بڑا خطرہ قرار دیا۔ انھوں نے تہران کی نماز جمعہ کے خطبے میں اسلامی ملکوں میں داعش دہشتگرد گروہ کے انجام پانے والے وحشیانہ جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہشتگرد گروہ، عالمی استکبار کی حمایت اور اس کے اشاروں پر وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کررہا ہے اور وہ یہ سمجھتا ہے کہ اس طرح کا قتل عام ہونے سے اسلام اور ایران کے اسلامی انقلاب کے مرتب ہونے والے اثرات کو روکا جاسکتا ہے جب کہ عالمی استکبار اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا ہے۔ تہران کے خطیب جمعہ نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ تسلط پسندانہ نظام، ہر قسم کا ہتھکنڈہ استعمال کرتے ہوئے اسلام کے مقابلے میں جنگ پر اتر آیا ہے، تاکید کے ساتھ کہا کہ عراق میں اس وقت جو کچھ ہورہا ہے وہ شیعہ و سنی مسلمانوں میں جنگ نہیں بلکہ انسانیت کی حمایت اور انسان کے قتل عام کے درمیان جنگ کا ایک منظر ہے۔ انھوں نے عراق میں داعش دہشتگردوں کے مقابلے میں فوج اور عوامی رضاکاروں کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے، ان کامیابیوں میں عراق کی مرجعیت کے کردار کو مفید اور قابل ذکر اہمیت کا حامل قرار دیا۔ تہران کے خطیب جمعہ آیۃ اللہ موحدی کرمانی نے مختلف عالمی اداروں اور تنظیموں، منجملہ اسلامی تعاون تنظیم، غیر جابندار تحریک، عرب لیگ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل اور تمام انسان دوستانہ تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ عراقی عوام کے خلاف داعش دہشتگرد گروہ کے غیر انسانی اقدامات کی مذمت اور عراق کے بے گناہ عوام کو اس دہشتگرد گروہ سے نجات دلانے کیلئے موثر اقدامات عمل میں لائیں۔انھوں نے کہا کہ اس وقت مسلمان، عالمی استکبار کی زیر حمایت دہشتگردی کی بھینٹ چڑھتے ہیں جس کا مقصد فلسطینی مسلمانوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانا ہے۔ تہران کے خطیب جمعہ نے مسلمانان عالم سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر اور کسی بھی قسم کے تفرقے سے گریز کرتے ہوئے اس طرح کی سازشوں اور مسلمانوں کے ہونے والے قتل عام کے مقابلے میں اٹھ کھڑے ہوں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button