رہبرانقلاب اسلامی سے اراکین پارلیمنٹ کی ملاقات

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سامراج کے انسانیت مخالف محاذ کے مقابلے میں استقامت کا واحد راستہ اس محاذ سے مقابلے کی فکر کے تسلسل کو قرار دیا ہے۔ آج اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اراکین نے رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس ملاقات میں اسلامی نظام کی تشکیل نیز مقابلے کی فکر کی بنیاد پر اس کی بقاء کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ سامراجی محاذ سے مقابلے کی فکر جاری رکھے بغیر اسلامی نظام کے عظیم اہداف و مقاصد کو حاصل نہیں کیا جاسکتا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی تعزیت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ مقابلہ جاری رکھنے پر تاکید کی وجہ اسلامی نظام کی جنگ پسندی نہیں ہے بلکہ یہ ایک عقلی بات ہے کہ انسان کو بحری قزاقوں سے پر علاقے سے عبور کرنےکے لۓ اپنے آپ کو لیس کرنا چاہۓ اور اسے اپنے دفاع کے محرک کا حامل بھی ہونا چاہیۓ۔ رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا کہ گزشتہ پینتیس برسوں کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی و پیشرفت اور تقدیر ساز اور اہم مراحل سے اسلامی نظام کا کامیابی کے ساتھ گزر جانا ملت ایران کی دانشمندانہ اور صداقت پر مبنی سنجیدہ جد و جہد کا مرہون منّت ہے اور اس فکر کو باقی رہنا چاہیۓ۔ رہبر انقلاب اسلامی نے آج کی دنیا کو انسانیت کے اخلاق ، حیثیت اور عزت کے لٹیروں سے بھری ہوئي دنیا قرار دیا اور فرمایا کہ یہ لٹیرے علم و سائنس ، دولت اور طاقت حاصل کر کے اور اپنے انسان دوستی کے نقاب کے ساتھ بڑی آسانی کے ساتھ مظالم کے مرتکب ہوتے اور دنیا کے مختلف ممالک میں انسانی اقدار کےخلاف جنگ چھیڑ دیتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے بعض افراد کی جانب سے سازباز اور جھکنے کی فکر کی ترویج کی کوشش کۓ جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ فرمایا کہ جو لوگ منہ زور طاقتوں کے مقابلے میں سازباز اور جھک جانے کی فکر کی ترویج کررہے ہیں اور اسلامی نظام پر جنگ پسندی کا الزام لگاتے ہیں وہ حقیقت میں خیانت اور غداری کے مرتکب ہورہے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا کہ اقتصادی ، علمی ، ثقافتی ، پالیسی سازی ، قانون سازی اور اغیار کے ساتھ مذاکرات کے میدانوں میں سرگرم تمام ایرانی حکام کو جان لینا چاہۓ کہ حالت جہاد میں ہیں اور وہ اسلامی نظام کی پیدائش اور اس کی بقاء کے راستے پر گامزن ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے، کہ جہاد اور مقابلہ کبھی ختم ہونے والا نہیں ہے کیونکہ شیطان اور شیطانی محاذ ہمیشہ موجود ہے ، فرمایا کہ یہ جہاد اس وقت ختم ہوگا جب انسانی معاشرہ انسانیت کے جسم و روح پر اپنے پنجے گاڑنے والے سامراجی محاذ سے کہ جس میں امریکہ سرفہرست ہے ، نجات حاصل کر لے گا۔








