پاکستان یرغمالیوں کے بارے میں سرکاری موقف واضح کرے، ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے داخلہ سیکریٹری حسین علی امیری نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کو اس کی سرزمین پر ایرانی سرحدی فورسز کے جوانوں کی شہادت کے بارے میں سرکاری طور پر موقف اختیار کرنا چاہیے۔ حسین علی امیری نے فارس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ چنانچہ جیش العدل نامی دہشتگرد گروہوں کے ہاتھوں ایک ایرانی سرحدی جوان جمشید دانائی فر کی شہادت کی خبر درست ہوتو ایران اور پاکستان کے سفارتکاروں کے درمیان جاری گفتگو سخت ہوجائے گي۔ انہوں نے کہا اس کی وجہ یہ ہے کہ ایرانی یرغمالیوں کو پاکستان منتقل کردیا گيا ہے۔ واضح رہے کہ جیش العدل نامی تکفیری دہشتگرد گروہ نے مشرقی سرحدی علاقے جکیگور سے پانچ سرحدی جوانوں کو اغوا کرکے پاکستان منتقل کردیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سے ٹیلیفونی گفتگو میں کہا تھا کہ اگر پاکستانی حکومت، ایرانی سرحدی فورسز کے جوانوں کی صورتحال واضح کرنے کی توانائي نہيں رکھتی تو ایران جیش العدل دہشتگردوں کو ختم کرنے کی توانائي رکھتا ہے۔ ادھر پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن اسماعیل کوثری نے کہا ہے کہ حکومت، وزارت خارجہ اور پارلیمنٹ نیز دیگر ادارے اغوا شدہ ایرانی سکوریٹی اہلکاروں میں سے ایک کی شہادت کے بار ے میں تحقیقات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہیئے کہ علاقے کو شرپسند عناصر سے پاک کرے۔