ایران، امریکی اور صیہونی عزائم کی راہ میں رکاوٹ
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی مشترکہ کمان کے سربراہ نے علاقے میں دشمنوں کی سازشوں کے مقابل ہوشیاری کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
جنرل سید حسن فیروزآبادی نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت اسلامی ملکوں کےخلاف سازشیں کر کے اسلامی تحریکوں کو کچلنے اور اپنے خلاف جاری مزاحمت کے محاذ کو کمزور کر کے عالمی سطح پر مسلمان ملکوں کی توانائيوں کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جنرل فیروزآبادی نے کہا کہ اسلامی حکومتیں یکجہتی اور اتحاد کے سہارے صیہونی حکومت کی ان سازشوں کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔ انہوں نے فلسطین، افغانستان اور میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت مسلمان ملکوں کو داخلی اور عالمی بحرانوں میں الجھانا چاہتی ہے جس کی ایک مثال شام کے حالات ہیں۔
ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے اسٹراٹیجیک اسٹڈی سنٹر کے سربراہ ایڈمرل علی شمخانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکہ اور صیہونی حکومت کی توسیع پسندی اور سامراجی عزائم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ایڈمرل شمخانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مغرب کی دشمنی ایران کی طاقت اور توانائیوں کو ظاہر کرتی ہے نیز اسلامی جمہوریہ ایران نے ہوشیاری اور دانشمندی سے امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے تہران میں ناوابستہ تحریک کے سولہویں مجوزہ سربراہی اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس تہران کےا ثرورسوخ کو ظاہر کرتا ہے اور ایران میں بدامنی پھیلانے کی دشمن کی سازشیں بھی ناکام ہوکر رہیں گي۔