ہرجارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا صدر احمدی نژاد
صدر مملکت جناب ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے سنیچر کے روز ایک غیرملکی ٹی وی چینل کو دئےگئے انٹرویو میں مذکورہ بات کہی۔انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مغرب کی عائد کردہ پاپندیوں کا ملت ایران کی ترقی و پیش رفت پر کوئي اثر نہیں ہوا ہے کہا کہ ملت ایران ہر اس طاقت کے مقابل اپنا دفاع کرے گي جو جارحیت اور دھمکیوں
کے ذریعہ اس کے حق کو سلب کرنا چاہے گي۔جناب ڈاکٹر احمدی نژاد نے ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں تہران کے خلاف امریکہ کے دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ پوری طرح سے ایک سیاسی مسئلہ میں تبدیل ہوگيا ہے اور واضح ہے کہ امریکہ اور اس کے حواری ملت ایران کی ترقی و پیش رفت کو روکنے کا بہانہ تلاش کررہے ہیں۔
انہوں نے ایٹمی توانائي کی بین الاقوامی ایجنسی ، آئی اے ای اے ، کے ساتھ ایران کے تعاون کے بارے میں کہا کہ ایران نے اب تک آئی اے ای اے کے ساتھ سب سے زیادہ تعاون کیا ہے۔احمدی نژاد نے ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے بار ے میں آئی اے ای اے کے دہرے رویہ پر تنقید کی اور کہا کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں آئي اے ای اے کے زیر نگرانی انجام پا رہی ہیں لیکن اس ایجنسی نے اب تک امریکہ کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں ، جس کے پاس سب سے زیادہ ایٹم بم ہیں ، ایک بھی رپورٹ پیش نہیں کی ہے ۔ مشرق وسطی میں صہیونی ریاست کی پوزیشن کے بارے میں کہا کہ ایران اور علاقے کی اقوام اس غاصب حکومت کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گی اور اقوام متحدہ نے بھی صہیونی ریاست کو غاصب قراردیاہے نیز اس غاصب حکومت کے خلاف کئي قراردادیں بھی منظور کی ہیں۔