

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کی عظیم فوجی مشقیں آج صبح نو بجے سے شروع ہوئيں۔
یہ فوجی مشقیں ایران کے جنوبی ساحلوں میں انجام دی جا رہی ہیں۔ یہ فوجی مشقیں ولایت نوے کے نام سے کی جا رہی ہیں۔ مسلح افواج کی بحریہ کے کمانڈر ان چیف
ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے بحری مشقوں کے شروع ہونے سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشقیں نہایت وسیع علاقے میں انجام دی جا رہی ہیں اور یہی ان کی خصوصیت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ولایت نوے بحری فوجی مشقیں خلیج فارس میں ایران کے جنوبی ساحلوں سے بحر ہند کے شمالی علاقے تک کی حدود میں انجام دی جا رہی ہیں۔ ایڈمرل سیاری نے ولایت نوے بحری مشقیں آپریشنل علاقے کی وسعت اور جنگي سازو سامان کی نوعیت کے لحاظ سے گذشتہ کی فوجی مشقوں سے ممتاز ہیں اور ان مشقوں میں مسلح افواج کی مہارتوں کا ثبوت پیش کیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ولایت نوے بحری فوجی مشقوں میں دشمنوں کی جانب سے لاحق خطروں کے تناسب سے اسٹراٹیجی اپناکر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان فوجی مشقوں کا مقصد بین الاقوامی پانیوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی توانائيوں کا مظاہرہ، ماحولیات کو لاحق خطروں کا مقابلہ کرنے اور سمندروں میں سکیورٹی برقرار رکھنے کے لئے آپریشنل علاقے میں بحری جہازوں کی چیکنگ، سمندری دہشت گردی اور قزاقوں کا مقابلہ کرنا ہے۔